کویتی بیگم نے تو حد ہی کر ڈالی ، اپنی نوکرانی کے ساتھ ایسا سلوک کہ دنیا بھر سے لعن طعن ہونے لگی
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع اپریل 03, 2017 | 06:40 صبح
دوحہ (ویب ڈیسک) کویتی حکام ایک ایسی ویڈیو کی تحقیقات کررہے ہیں جس میں ایک خاتون ساتویں منزل سے گرنے والی اپنی نوکرانی کی ویڈیو بنا رہی ہیں۔بتایا گیا ہے کہ عمارت سے گرنے والی خاتون کا تعلق ایتھوپیا سے ہے۔
اس ویڈیو میں نوکرانی کی جانب سے مدد کے لیے پکار کو سنا جا سکتا ہے۔ وہ پھسل کر گرنے سے پہلے کہتی ہیں کہ 'مجھے پکڑو مجھے پکڑو۔بعد میں انھیں طبی امداد فراہم کی گئی۔ ان کی دونوں بازو ٹوٹ گئے اور انھیں جسم کے دیگر حصوں میں بھی چوٹیں آئیں۔کویت سوسائٹی برائے انسانی حقوق کا کہنا ہے کہ نوکر کی مدد کرنا مالک کا فرض تھا۔اس ادارے کا کہنا ہے کہ اماراتی پینل کوڈ کے مطابق کوئی بھی شخص جان بوجھ کر اگر خطرے میں گرفتار کسی دوسرے شخص کی مدد نہیں کرتا تو اسے تین ماہ قید کی سزا ہو سکتی ہے۔کویت ٹائمز کے مطابق ایک وکیل فوزیہ السبح نے کہا ہے کہ وہ ویڈیو بنانے والی مالکن کے خلاف درخواست دائر کریں گی۔آن لائن موجود 12سکینڈ کی اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایتھوپین خاتون کویت کے ضلع سبح السلیم میں ایک فلیٹ کی کھڑکی کے باہر جھولتی دکھائی دے رہی ہیں اور انھوں نے ایک ہاتھ میں کھڑکی کو مضبوطی سے پکڑا ہوا ہے۔دوسری جانب ہاتھ میں کیمرہ اٹھائے خاتون اسے پکار کر کہتی ہیں ' او پاگل واپس آجاؤ۔بعد میں یہ دیکھا گیا کہ نوکرانی نے کھڑکی پر گرفت کمزور ہونے اور فلیٹ کے ساتھ موجود ایک منزلہ عمارت کی چھت پر گرنے سے کچھ ہی لمحے پہلے اپنی مالکن کو مدد کے لیے درخواست کی تھی۔ایک اور ویڈیو الانبہ نیوز پیپر نے جمعرات کو پوسٹ کی تھی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نوکرانی کو طبی عملہ نیچے اتارنے میں مدد کر رہا ہے۔اخبار کا کہنا ہے کہ ویڈیو بنانے والی خاتون کے مطابق انھوں نے ویڈیو اس لیے بنائی اور شیئر کی کیونکہ وہ نہیں چاہتی تھیں کہ اگر ان کی نوکرانی مر جائے تو ان پر قتل کا الزام لگے۔