کتاب: لب پہ آتی ہے دعا ..... مصنفہ: عذرا اصغر

2022 ,دسمبر 31



کتاب: لب پہ آتی ہے دعا
مصنفہ: عذرا اصغر
قیمت: 200/-روپے
ناشر:اکادمی ادبیات اطفال۔11/16فیروز پور روڈ،لاہور۔
فون نمبر:0320-0112404
ہمارے ہاں شاعروں اور ادیبوں کی بہت بڑی تعداد ہے جن کو شمار کرنا ممکن نہیں۔ لیکن ان شاعروں اور ادیبوں میں کچھ شخصیات ایسی ہیں جن کا طوطی ہر جگہ بولتا ہے۔ ان کا لکھا جانے والا مواد کسی تبرک کی طرح محفوظ کیا جاتا ہے تاکہ آنے والی نسل کو بھی اس سے فائدہ پہنچایا جا سکے۔ عذرا اصغر کا شمار بھی ان ہی ادیبوں اور لکھاریوں میں ہوتا ہے جن کی لکھی جانے والی تحریروں کو ہر دور میں نہ صرف پسند کیا جاتا ہے بلکہ آپ کو ایک بزرگ ادیبہ کی حیثیت سے جانا اور پہچانا جاتا ہے۔ آپ کی تصنیفات کا ذکر کیا جائے تو اب تک آپ کے کئی افسانوی مجموعے، کالمز، ناولز، اور تحریریں شائع ہو چکی ہیں۔ آپ کئی رسالوں کی ادارت کا کام بھی سر انجام دے چکی ہیں۔ آپ کی قابلیت اور آپ کے ہنر کے پیش نظر آپ کو عذرا آپا کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا۔ 
زیر نظر کتاب”لب پی آتی ہے دعا“ بچوں کے لیے لکھا جانے والا مصنفہ کا شہکار ہے۔ آج کے انٹرنیٹ کے دور میں بچوں کو کتاب کی طرف راغب کرنا تھوڑا مشکل کام ہے۔ لیکن جس معاشرے میں عذرا آپا جیسے باہمت لکھاری اردو میں اپنی تحریریں لکھ کر بچوں کی تربیت کا کام کرتے رہیں گے وہاں کوئی شک نہیں کہ بہت جلد اردو بھی اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر لے گی۔ ”لب پہ آتی ہے دعا“ میں مصنفہ نے جن کہانیوں کو قلم بند کیا ان میں: شیرنی کا پہلا شکار، غرور کا سر نیچا، پھر....؟، حیرت کی بات، سکھ چین کی بنسری، ہماری جنت، منو بادشاہ، گدڑی میں لعل ،شامل ہیں۔ تمام کہانیاں سبق آموز ہیں۔مصنفہ نے ان کہانیوں کو لکھتے ہوئے ہر ممکن کوشش کی ہے کہ کہانیاں بھوت پریت، بادشاہ اور شہزادیاں یا جادوگروں کے کرتب سے ہٹ کر ہوں اور ان کے موضوعات حقیقت نہ سہی لیکن حقیقت کے نزدیک تر ہوں تاکہ ان کہانیوں کے ذریعے سے نونہالوں میں جذبہ ہمدردی اور جوش و جذبہ پیدا کیا جا سکے۔آسان الفاظ میں لکھی جانے والی مصنفہ کی اس کتاب کا مطالعہ ہر بچے کو لازمی کرنا چاہیے۔ 
(تبصرہ نگار: تہذین طاہر)
 

متعلقہ خبریں