پی ایس ایل کا فائنل دیکھنے کی ٹکٹ کتنے کی ہے۔جانیں اس خبر میں

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع فروری 27, 2017 | 18:24 شام

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک): چیرمین پاکستان سپر لیگ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے فائنل کے لیے آن لائن ٹکٹنگ کل سے شروع ہوجائے گی جب کہ ٹکٹ 500 سے 12 ہزار روپے تک فروخت ہوگا۔پنجاب حکومت کی جانب سے پاکستان سپرلیگ کا فائنل لاہور میں کرانے کی اجازت ملنے کے بعد میچ کے لیے آن لائن ٹکٹنگ کل سے شروع ہوجائے گی جب کہ چیرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ٹکٹ 500، 4 ہزار، 8 ہزار اور 12 ہزار روپے تک فروخت کی جائیں گی۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں تقریباً 25 ہزار تماشائیوں کی گنجائش ہے جب کہ پی ایس

ایل فائنل کے لیے 4 انکلوژرز عمران خان، فضل محمود، وسیم اکرم اور وقار یونس کی ٹکٹ 12 ہزار روپے کی فروخت کی جائے گی۔ اے ایچ کاردار، رمیز راجہ، جاوید میاں داد اورعبدالقادر انکلوژرز کی ٹکٹ 8 ہزار میں فروخت ہوگی جب کہ حنیف محمد، ماجد خان، ظہیر عباس، امتیاز احمد، سعید احمد، انضمام الحق، نذر محمد اور قائد انکلوژرزکے لیے ٹکٹ کی قیمت 4 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جنرل انکلوژز میں داخلہ فیس 500 روپے کی ہوگی اور یہ انکلوژرز سعید انور اور سرفراز نواز کے نام سے منسوب ہیں۔دوسری جانب پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں کون کون سے پلیئرز کھیلنے آئیں گے اس کا حتمی فیصلہ دونوں سیمی فائنلز کے اختتام پر دوبارہ سے ڈرافٹنگ کے بعد ہوگا کیوں کہ فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کے انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے پاکستان آنے سے انکار کی صورت میں دیگر کھلاڑیوں سے رابطہ کیا جائے گا اور اس حوالے سے دوبارہ سے ڈرافٹنگ کی جائے گی۔واضح رہے کہ پنجاب حکومت کی اجازت کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل ٹو کا فائنل لاہور میں کرانے کے لیے تیاریاں مکمل کرلی ہیں تاہم پاکستان آنے والے حتمی کھلاڑیوں کا اعلان تاحال نہیں کیا جاسکا۔ کیوں کہ اس میں کسی بھی وقت کمی پیشی کی جا سکتی ہے۔