شمعیں جلانے اورممتاز قادری کے چاہنے والوں کے تصادم میں عوام کا بھرکس نکل گیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 04, 2017 | 19:10 شام

لاہور(مانیٹرنگ) مذہبی تنظیم کی طرف سے احتجاج کی دھمکی کے بعد لاہور کی مختلف شاہراہیں کنٹینر لگا کر اچانک بند کر دی گئی ہیں جس کی وجہ سے صوبائی دارالحکومت میں شدید ٹریفک جام ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق مذہبی تنظیم کی طرف سے چار جنوری کو یوم عاشق رسول منانے اور سلمان تاثیر کی موت پر لبرٹی چوک میں شمعیں جلائے جانے کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا گیا تھا اور اس ضمن میں کلمہ چوک سے لبرٹی تک ریلی نکالنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن اس احتجاجی ریلی کو روکنے کے لیے حکومت نے کنٹینر لگا کر مختلف شاہراہیں بند کر

دیں۔ لاہور کی مختلف شاہراہوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا۔ جیل روڈ، فیروز پور روڈ، برکت مارکیٹ کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ مذہبی جماعت تحریک لبیک یار سول اللہ کی جانب سے احتجاجی مارچ کی وجہ سے ان شاہراہوں کو حکومت کی طرف سے کنٹینر کے ذریعے بند کر دیا گیا ہے۔ سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے پورے شہر کی ٹریفک جام ہو گئی ہے جس میں ایمبولینسز بھی پھنس گئی ہیں. احتجاج کے باعث صدیق ٹریڈ سینٹر سے کلمہ چوک، کلمہ چوک سے پل نہر فیروز پور روڈ، مین بلیوراڈ حسین چوک سے لبرٹی گول چکر اور فردوس مارکیٹ سے سنٹر پوائنٹ بند کر دیا گیا۔ شہری سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار نظر آ رہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک کیپٹن(ر) سید احمد مبین نے کہا ہے کہ احتجاج کے باعث صدیق ٹریڈ سنٹر سے کلمہ چوک، کلمہ چوک سے پل نہر فیروز پور روڈ، مین بلیوارڈ چوک سے لبرٹی گول چکر اور فردوس مارکیٹ سے سنٹر پوائنٹ بند کر دیا گیا۔ متعلقہ ایس پی، ڈی ایس پی اور ٹریفک وارڈنز کی اضافی نفری کو فوری موقع پر پہنچ کر ڈائیورشن لگانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ان راستوں پر آنے والے شہریوں کو مشکلات سے بچنے کے لئے آگاہ کیا جا رہا ہے کہ وہ ان راستوں پر جانے کی بجائے متبادل راستہ اختیار کریں تاکہ ان کو منزل مقصود تک پہنچنے میں کوئی دقت نہ ہو.