آرٹیفیشل انٹیلی جنس سسٹم پر تیار کی گئی گاڑی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 06, 2017 | 18:02 شام

 

لاس ویگاس (شفق ڈیسک) ٹویوٹا نے اپنی کانسیپٹ گاڑی آئی کو متعارف کرایا ہے جسے مستقبل کی سواری قرار دیا گیا ہے۔ لاس ویگاس میں جاری سی ای ایس نمائش کے دوران اس مستقبل کے ڈیزائن اور ایرو ڈائنامک ساخت کی گاڑی کو پیش کیا گیا جو کسی سائنس فکشن فلم کا حصہ لگ رہی تھی۔ کمپنی کیمطابق یہ گاڑی آرٹیفیشل انٹیلی جنس سسٹم پر تیار کی گئی ہے جسے یوئی کا نام دیا گیا ہے جس کا مطلب خود سیکھ کر ڈرائیور کے ساتھ بڑھنا ہے۔ کمپنی نے اپنے بیان میں کہا کہ اس کا انٹر فیس دنیا بھر کے افراد سے رابطوں کیلئے تیا

ر کیا گیا ہے جسکے اندر موجود سسٹمز کی بدولت یہ سواری لائٹ، آواز اور ضروری معلومات خود کار طور پر فراہم کر سکے گی۔ کمپنی کا تو دعویٰ ہے کہ اس گاڑی سے لوگوں کو زیادہ پرجوش اور دوستانہ تجربہ ہو گا اور ڈرائیونگ بہت آسان ہو جائے گی۔ یوئی نامی یہ اے آئی سسٹم گاڑی کے اندر نصب کیا گیا ہے جو لوگوں سے رابطوں کیساتھ ساتھ خود کار ڈرائیونگ میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔ اس گاڑی کے دروازے ڈرائیور یا مسافروں کے قریب آنے پر خود کھل جاتے ہیں۔ اس کی ہیڈ لائٹس درحقیقت آنکھوں کی پلکوں کی طرح جھپکتی یا جھلملاتی رہتی ہیں۔ درحقیقت یہ کسی بڑے سائز کے سمارٹ فون کی طرح کی گاڑی ہے جو آپ نے پہلے کبھی نہیں دیکھی ہوگی تاہم یہ کب سڑکوں پر دوڑتی نظر آئے گی، اس بارے میں ابھی کچھ کہنا مشکل ہے۔