لبنان: نیا وزیر اعظم کون ہو گا؟ فیصلہ ہو گیا
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع نومبر 04, 2016 | 07:49 صبح
لندن (ویب ڈیسک)لبنان کے صدر میشال عون نے سرکردہ سیاسی شخصیت سعد حریری کو وزیراعظم نامزد کرکے نئی حکومت بنانے کی دعوت دی ہے۔صدر کے چیف آف اسٹاف انتوئین چوکیر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ضروری پارلیمانی مشاورت کے بعد صدر نے سعد حریری پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انھیں حکومت کی تشکیل کے لیے کہا ہے۔میشال عون نے لبنان کا صدر منتخب ہونے کے چند روز بعد سعد حریری کو وزیراعظم نامزد کیا ہے۔یہ فیصلہ ایک معاہدے کا نتیجہ ہے جس کے تحت سعد حریری نے اچانک اپنی مخالف حزب اللہ کے اتحادی مسٹر عون کی حمایت کا اعلان کردیا تھا اور دو سال سے زیادہ وقفے کے بعد نئے لبنانی صدر کا انتخاب عمل میں آیا تھا۔لبنانی پارلیمان کے 127 میں سے 110 ارکان نے نامزد وزیراعظم کی حمایت کا اظہار کیا ہے ۔ سعد حریری 5سال کے بعد وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھال رہے ہیں۔ان کی سابقہ حکومت حزب اللہ اور اس کی اتحادیوں کے وزراء کی علحیدگی کے بعد ختم ہوگئی تھی۔ انھوں نے تب طویل سیاسی مذاکرات کے بعد تمام جماعتوں پر مشتمل قومی اتحاد کی حکومت بنائی تھی۔