بجلی 14 سے 18 گھنٹے غائب‘ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ‘ بجلی چوری میں حیسکو نمبر ون

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اپریل 18, 2017 | 08:40 صبح

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک): ایک طرف ملک بھر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا محال کر رکھا ہے۔ روزانہ 14 سے 18 گھنٹے تک بجلی غائب رہتی ہے۔ جس کی وجہ سے عوام میں اشتعال کا پیدا ہونا فطری امر ہے۔ بجلی چوری کی وجہ سے لوڈشیڈنگ کے ساتھ ساتھ اووربلنگ کا نزلہ بھی عام صارفین پر ہی گرتا ہے۔ بجلی چوری کے حوالے سے جاری شدہ رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ موجودہ حکومت بھی بجلی چوری پر قابو پانے میں مکمل ناکام رہی ہے۔ 5 برسوں میں 66 ارب 84 کروڑ کی بجلی چوری ہوئی۔ سب سے زیادہ بجلی حیدر آباد‘ اسکے بعد پشاور اور تیسرے نمبر پر لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی میں ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق 40 ارب 48 کروڑ کی ریکوریاں بھی ہوئی متعدد افراد کو سزائیں بھی دی گئیں مگر اس کے باوجود بجلی چوری پر قابو پایا نہیں جا سکا۔ یہ مسئلہ بھی لوڈشیڈنگ کی طرح ایک لاینحل مسئلہ بن گیا ہے اور ذرائع کے مطابق 2017ءمیں بھی یہ مسئلہ حل ہوتا نظر نہیں آتا جس سے موسم کے ساتھ ساتھ عوام کا پارہ بھی ہائی ہوتا نظر آرہا ہے۔ اگلا سال الیکشن کا ہے اب دیکھنا ہے حکومت اپنے وعدے اور دعوے کے مطابق لوڈشیڈنگ کے مسئلے کو حل کرتی ہے یا پھر پیپلز پارٹی کی طرح اسے بھی بوریا بستر باندھنا ہو گا۔