چینی کھائیں مت چہرے پر لگائیں
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع دسمبر 01, 2016 | 16:35 شام
لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) کم عمر نظرآنا ہر ایک کی خواہش ہوتی ہے۔ عموماً خواتین میں یہ خواہش بدرجہ اتم پائی جاتی ہے جس کیلئے وہ مہنگی اینٹی ایجنگ ادویات، کریمیں اور لوشن وغیرہ استعمال کرتی ہیں۔ اب ماہرین نے ایک ایسی چیز بتا دی ہے جسکے استعمال سے انتہائی سستے داموں کم عمر نظر آنے کی خواہش پوری کی جا سکتی ہے، یہ چیز ہے چینی ہے۔ مگر ذہن میں رکھیے، اسے کھانا نہیں بلکہ چہرے پر لگانا ہے۔ میل آن لائن کی رپورٹ کیمطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ چینی کم عمر نظر آنے اور تروتازہ جلد کیلئے بہترین چیز ہے۔ اس میں اینٹی ایجنگ کی حیران کن خصوصیات پائی جاتی ہے۔ اسے اپنی جلد پر لگا کر آپ ادویات سے بھی زیادہ بہتر نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ چینی کھانے سے انسان زیادہ عمر کا نظر آتا ہے لیکن اسے جلد پر لگانے سے کم عمر۔ چینی کھانے سے انسانی جسم میں گلیکیشن (Glycation) نامی قدرتی نظام تیز ہو جاتا ہے جو ان اجزاء کی نشوونما کا باعث بنتا ہے جو کولیجن (Collagen) اور ایلیسٹن (Elastin) جیسے پروٹینز کو تباہ کرتے ہیں۔ یہ پروٹینز نوجوان جلد کیلئے ناگزیر ہوتے ہیں۔ اسکے برعکس جب ہم چینی جلد کے اوپر لگاتے ہیں تو یہ ہماری جلد کو فائدہ پہنچاتی ہے۔ اس میں قدرتی مرطوب عناصر پائے جاتے ہیں جو ہمارے خلیوں کے اندر موجود نمی کو خشک کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ اسے استعمال کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ چینی کو بلینڈر یا کافی گرائنڈر میں پیس کر پاؤڈر بنا لیں۔ اس میں حسب ضرورت زیتون کا تیل اور ایک چمچ شہد شامل کر کے بطور ماسک جلد پر لگا لیں۔