شادی کی ضرورت اور افادیت جامع طور پرعیاں

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 23, 2016 | 20:31 شام

لندن (شفق ڈیسک) انسانوں کیلئے شادی کیوں ضروری ہے؟ اس سوال کے یوں تو کئی جواب موجود ہیں مگر سائنسدانوں نے شادی کا ایک ایسا فائدہ بتا دیا ہے جس سے شادی کی ضرورت اور افادیت جامع طور پرعیاں ہوتی ہے۔ مغربی معاشروں میں یہ شرمناک روایت پائی جاتی ہے کہ وہاں مرد و خواتین شادی کئے بغیر بھی بچے پیدا کرتے ہیں۔ سائنسدانوں نے اپنی تحقیق میں ایسے لوگوں کے ہاں پیدا ہونیوالے بچوں کا شادی شدہ لوگوں کے بچوں سے موازنہ کیا ہے اور اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ بغیر شادی کے پیدا ہونیوالے بچوں میں خود اعتمادی کا شدید فقدان ہوتا ہے اور یہ سماجی ترقی اور مرتبے میں بھی کمتر رہ جاتے ہیں۔ بغیر شادی کے مرد و عورت کا تعلق خواہ کتنا ہی خوشگوار اور طویل کیوں نہ ہو، مگر انکے بچوں میں خود اعتمادی کا اسی قدر فقدان بہرحال موجود ہوتا ہے۔ اس تحقیق کیلئے میرج فاؤنڈیشن اور برٹش ہاؤس ہولڈ پینل سروے نے مشترکہ طور پر 3 ہزار 822 نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کی خود اعتمادی و شخصیت کے دیگر پہلوؤں اور انکے والدین کے باہمی تعلق کا جائزہ لیا جس میں ثابت ہوا کہ سب سے زیادہ خود اعتمادی شادی شدہ ماں باپ کے ہاں پرورش پانیوالے لڑکوں میں پائی جاتی ہے جبکہ خود اعتمادی کا سب سے زیادہ فقدان شادی کے بغیر بچے پیدا کرنیوالے مرد و خواتین کے ہاں پیدا ہونے اور پرورش پانیوالی لڑکیوں میں پایا جاتا ہے۔ فاؤنڈیشن کے ریسرچ ڈائریکٹر ہیری بینسن کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں روایتی طور پر خیال کیا جاتا ہے کہ بچوں کی بہتر پرورش کیلئے انکے والدین کی شادی ہونا یا نہ ہونا اہمیت نہیں رکھتا بلکہ والدین کا ایک ساتھ رہنا اہمیت رکھتا ہے مگر ہماری اس تحقیق نے اس خیال کو غلط ثابت کر دیا ہے۔ تحقیق میں یہ بھی ثابت ہوا ہے کہ بچوں کی خود اعتمادی میں والدین کی آمدنی کا بھی کوئی عمل دخل نہیں ہوتا۔ صرف والدین کا شادی شدہ ہونا ہی انکی خود اعتمادی کو بڑھاوا دینے کیلئے کافی ہوتا ہے۔ ہیری بینسن کا مزید کہنا تھا کہ اس سے قبل کئی تحقیقات میں ثابت ہو چکا ہے کہ خود اعتمادی کا براہ راست تعلق لوگوں کے محفوظ رشتے سے جڑا ہوتا ہے۔ شادی شدہ لوگ اپنے تعلق کو زیادہ محفوظ سمجھتے ہیں اور بچے چونکہ اپنے والدین کے باہمی تعلق سے گہرا اثر لیتے ہیں لہٰذا وہ بھی خود کو محفوظ سمجھتے ہیں اور زیادہ بااعتماد ہوتے ہیں۔ بغیر شادی کے رہنے والے مرد و خواتین اور علیحدہ ہو جانیوالے میاں بیوی میں اسکے برعکس ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ فاؤنڈیشن کی ایک گزشتہ تحقیق میں یہ بات سامنے آ چکی ہے کہ اپنے بچے کی 15 ویں سالگرہ تک 93 فیصد وہی والدین ایک ساتھ رہتے ہیں جو شادی شدہ ہوتے ہیں۔ بغیر شادی کے بچہ پیدا کرنیوالے اس کی 15 سالگرہ سے پہلے ہی الگ ہو چکے ہوتے ہیں۔