بچے کے علاج کیلئے عورت کا کارنامہ

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 14, 2016 | 16:23 شام

لندن (شفق ڈیسک) دنیا میں ایسے دولت مندوں کی کمی نہیں جو خدا کی مخلوق پر رحم کھانے کی بجائے اپنی ڈھیروں دولت مضبوط تجوریوں میں چھپا کر رکھنا پسند کرتے ہیں۔ مگر اسی دنیا میں خدا کے ایسے نیک بندے بھی ہیں جو مفلسی کے بوجھ تلے دبے بے کسوں کیلئے فرشتہ بن جاتے ہیں۔ برطانوی خاتون گلیان بے فورڈ بھی ایک ایسی ہی شاندار مثال ہیں۔ جنہوں نے ایک معذور بچے کی ماں کو پریشانی میں مبتلا پایا تو چند سکے دے کر رخصت کرنیکی بجائے لاکھوں ڈالر کا گھر تحفے میں دے ڈالا۔گلیان بے فورڈ نے 2012ء میں یورو ملین لاٹری کا سب س

ے بڑا انعام جیتا۔ انہیں اس لاٹری سے 14.8 ملین پاؤنڈ (تقریباً سوا دو ارب پاکستانی روپے) کی رقم ملی، جس میں سے بیشتر وہ فلاحی اداروں کو عطیہ کر چکی ہیں۔ گلیان کو حال ہی میں پتہ چلا کہ جینی میک ملن نامی خاتون اپنے چار سالہ معذور بچے کیلئے فنڈ جمع کر رہی ہیں۔ جینی نے فنڈ کے سلسلے میں گلیان سے بھی رابطہ کیا اور انہیں اپنی مشکلات سے آگاہ کیا۔ گلیان نے مدد کا وعدہ کر کے جینی کو رخصت کیا تو ان کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ انکی زندگی بدلنے والی ہے۔ کچھ ہی دن بعد گلیان نے اپنے علاقے میں موجود ایک شاندار گھر خرید لیا اور پھر یہ گھر کرسمس کے تحفے کے طور پر جینی اور انکے معذور بچے کو پیش کر دیا۔ جینی کا کہنا ہے کہ انکا بیٹا دماغی بیماری کا شکار ہے جسکی وجہ سے اسے سخت توجہ کی ضرورت ہوتی ہے۔ وہ کرائے کے گھر میں مقیم تھیں جو ان کی دکان سے خاصا دور تھا اور وہ گھر پر موجود معذور بچے کیلئے ہمہ وقت پریشان رہتی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گلیان کی شفقت سے اب ان کے پاس شاندار گھر ہے جہاں وہ اپنے بیٹے کے پاس ہوتی ہیں۔ گلیان بچے کے علاج کیلئے بھی انہیں مدد فراہم کررہی ہیں۔ انکے نیک کام کو دیکھتے ہوئے اہل علاقہ نے بھی جینی کے بیٹے کے علاج کیلئے فنڈ جمع کرنا شروع کر دیا ہے۔ جینی نے خوشی کے آنسو بہاتے ہوئے مقامی میڈیا کو بتایا کہ لوگوں کی محبت اور جوش و خروش دیکھتے ہوئے انہیں یقین ہے کہ کرسمس سے قبل اتنی رقم جمع ہو جائے گی کہ وہ اپنے بیٹے کا علاج کروا سکیں۔