محبوبہ کا ایک قدم عاشق جیل پہنچ گیا
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع دسمبر 13, 2016 | 14:35 شام
لندن (شفق ڈیسک) برطانیہ کے شہر لیڈز میں ایک نوجوان نے اپنی محبوبہ کیساتھ یادگار انداز میں شادی کرنے کیلئے امراء کے گھروں میں چوریاں کیں اور اس لوٹ کی کمائی سے اپنا خواب شرمندہ تعبیر کیا لیکن بعد میں ایک جھگڑے پر اسی محبوبہ نے نوجوان کا بھانڈہ پھوڑ کر اسے جیل بھجوا دیا۔ برطانوی اخبار کی رپورٹ کیمطابق 32 سالہ بین کیٹریل نامی شخص اپنی 29 سالہ محبوبہ کیٹی ہینڈرسن سے لگژری تقریب میں شادی کرنے کا خواہش مند تھا۔ اس کی خواہش تھی کہ وہ شادی پر 30 ہزار پاؤنڈ (تقریباً 40 لاکھ روپے) خرچ کرے۔ تاہم خود اس کے پاس پھوٹی کوڑی بھی نہ تھی چنانچہ اس نے کیٹی کی مدد سے امیر لوگوں کے گھروں اور دکانوں میں چوریاں کرنی شروع کر دیں اور اپنے مقصد میں کامیاب ہو گیا۔ شادی کے ایک سال بعد کیٹی نے بین کے موبائل فون میں اپنی قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوز دیکھی لیں جس پر ان کے درمیان شدید تلخ کلامی ہوئی۔ اس پر غصے میں آ کر کیٹی نے بین کی ماضی کی تمام کارستانیاں پولیس کے گوش گزار کر دیں۔ پولیس نے اسے گرفتار کرکے لیڈز کراؤن کورٹ میں پیش کر دیا۔ پولیس کی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ اس شخص نے کئی دکانوں اور گھروں سے زیورات اور قیمتی گھڑیاں و دیگر سامان چوری کیا۔ جرائم کا اعتراف کرنے پر عدالت نے اسے 6 سال قید کی سزا سنا دی۔ بعد ازاں جیل میں ممنوعہ اشیاء لے جانے پر اس کی قید کی مدت میں 6 ماہ کا اضافہ کر دیا گیا۔ عدالت نے ان جرائم میں معاونت کرنے اور چوری کا مال سنبھال کر رکھنے پر کیٹی کو بھی 18ماہ قید کی سزا سنا دی ہے۔