عورتوں میں بھی دوسری شادی کا رجحان

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 03, 2017 | 18:08 شام

لندن (شفق ڈیسک) بیویوں سے چھپ کر دوسری شادی کرنیوالے مرد تو بہت پائے جاتے ہیں لیکن اب پہلی بار شوہر سے چھپ کر دوسری شادی کرنیوالی خاتون بھی منظر عام پر آگئی ہے۔ برطانوی اخبار کی رپورٹ کیمطابق برطانوی کنٹری ویلز کی رہائشی 35 سالہ لیزا ایوریرڈ نے 38 سالہ ایلیئٹ سے شادی کی اور انکے ہاں دو بچے بھی پیدا ہو گئے۔ تب ایلیئٹ نے فیس بک پر لیزا کی تصاویر دیکھیں جن میں وہ دلہن بنی ہوئی اپنے کسی اور دولہا کے پہلو میں کھڑی ہوتی ہے۔ اسکی دوسری شادی کی تصاویر کے متعلق جب ایلیئٹ نے اس سے دریافت کیا تو اس نے ج

ھوٹ بول دیا کہ یہ میری سہیلی کی شادی تھی جس میں میں برائیڈز میڈ بنی ہوئی تھی۔ اس لئے میں نے بھی دلہن جیسا لباس پہن رکھا تھا۔ تاہم ایلیئٹ کو اس کی بات پر یقین نہ آیا۔ رپورٹ کے مطابق ایلیئٹ نے ویلز کے شادی دفتر میں جا کر تمام شادیوں کا ریکارڈ دیکھنا شروع کر دیا۔ شادی شدہ جوڑوں کے نام پڑھتے ہوئے اسے اس وقت شدید جھٹکا لگا جب اسکی بیوی کا نام بھی سامنے آ گیا۔ اس نے خفیہ طور پر مائیکل ہگز نامی شخص سے بھی شادی کر رکھی تھی۔ پکڑے جانے پر لیزا نے دوسری شادی کا اعتراف کر لیا اور ایلیئٹ کا گھر چھوڑ کر مائیکل کے گھر منتقل ہو گئی۔ ایلیئٹ نے لیزا کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا جس پر اب اسے عدالتی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پراسیکیوٹر مارک بیٹرک کا عدالت میں کہنا تھا کہ مسٹرایلیئٹ کو جب معلوم ہوا کہ اس کی بیوی نے دوسری شادی کر رکھی ہے تو وہ ٹوٹ کر رہ گیا۔ رجسٹر میں لیزا اور مائیکل کا نام دیکھ کر ایک بار تو وہ حواس کھو بیٹھا تھا۔ عدالت کی طرف سے لیزا کو 150 گھنٹے بلامعاوضہ کام کرنے کی سزا سنا دی ہے۔