سگریٹ ہو یا سگریٹ کا متبادل مرد کیلئے انتہائی نقصان دہ
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع جنوری 09, 2017 | 15:33 شام
لندن (شفق ڈیسک) کئی سگریٹ نوش عام سگریٹ کے نقصانات سے بچنے کیلئے الیکٹرانک سگریٹ پینا شروع کر دیتے ہیں اورخود کو محفوظ سمجھنے لگتے ہیں، مگر اب سائنسدانوں نے ای سگریٹ کا بھی ایک ایسا تباہ کن نقصان بتا دیا کہ انہیں یہ بھی ترک کرنی پڑگی۔ رپورٹ کیمطابق یونیورسٹی کالج لندن کے ماہرین نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ای سگریٹ میں استعمال ہونیوالے فلیورز میں پائے جانیوالے زہریلے کیمیکلز مردوں کے سپرمز کیلئے انتہائی نقصان دہ ہیں۔ ان سے سپرمز کے تیرنے کی صلاحیت مفقود ہو جاتی ہے اور وہ افزائش نسل کے قابل نہیں رہتے۔ ببل گم نامی فلیور جو بہت مقبول ہے، مردوں کے خصیوں کے خلیوں کو تباہ کرکے انکے خاتمے کا باعث بنتا ہے۔ تحقیقاتی ٹیم کی سربراہ ڈاکٹر ہیلن او نیل کا کہنا تھا کہ ای سگریٹ، عام سگریٹ کی نسبت کم نقصان دہ ہوتی ہے۔ اس میں نکوٹین نہیں ہوتی لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ای سگریٹ کا کوئی نقصان نہیں ہوتا۔ اس کے فلیورز میں پائے جانیوالے زہریلے کیمیکلز، کومرین (Coumarin) وغیرہ مردوں کے سپرمز کو ناکارہ بنا دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ ای سگریٹ کینسر کا بھی باعث بنتی ہے کیونکہ جب اس کے فلیورز 300 ڈگری سینٹی گریڈ پر گرم ہو کر باہر نکلتے ہیں تو ان میں فارمل ڈی ہائیڈ سمیت کینسر کا باعث بننے والے کئی کیمیکلز بھی شامل ہوتے ہیں۔