شرارتی بچوں کے والدین کیلئے خوشخبری

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 03, 2017 | 21:22 شام

لندن (شفق ڈیسک) کیا آپ کا بچہ بے جا ضدیں کرتا ہے یا بعض اوقات آپ کی بات ماننے سے انکار کردیتا ہے؟ ماہرین کا کہنا ہے کہ ضدی بچوں کے والدین کو پریشان ہونا چھوڑ دینا چاہیئے کیونکہ ایسے بچے ممکنہ طور پر مستقبل میں نہایت کامیاب ثابت ہوسکتے ہیں۔ برطانیہ میں ماہرین نے ایک تحقیق کی جس میں انہوں نے 700 مختلف افراد کا جائزہ لیا۔ ماہرین نے ان افراد کی تنخواہوں، مختلف اداروں میں ان کے عہدوں اور ان کے بچپن کے واقعات کا مطالعہ کیا۔ماہرین نے دیکھا کہ اونچے عہدوں پر کام کرنے والے اور بھاری تنخواہیں لینے والے افراد وہ تھے جو اپنے بچپن میں نہایت ضدی تھے۔ ماہرین کیمطابق اس کی ایک سیدھی سادھی توجیہہ ہے کہ کامیابی انہی افراد کو ملتی ہے جو اپنے حالات سے غیر مطمئن ہوتے ہیں اور انہیں بدلنا چاہتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ عادت ان میں بچپن سے موجود ہوتی ہے یہی وجہ ہے کہ وہ اپنے بڑوں کی ان باتوں کو ماننے سے انکار کردیتے ہیں جو انہیں پسند نہیں ہوتیں۔ یہی نہیں وہ اپنے والدین کے منع کرنے کے باوجود وہی کام کرتے ہیں جو انہیں خوشی اور اطمینان فراہم کرتا ہے۔ بڑے ہونے کے بعد بھی ان میں یہ عادت برقرار رہتی ہے اور وہ معاشرے کے اصولوں اور اپنی قسمت کے آگے سر جھکانے سے انکار کردیتے ہیں اور اپنی پسند کا مقام حاصل کر کے رہتے ہیں۔ماہرین کے مطابق بچپن میں ضدیں کرنیوالے افراد دراصل مضبوط قوت ارادی کے مالک ہوتے ہیں اور وہ زندگی کو ویسا ہی بنا کر رہتے ہیں جیسی ان کی خواہش ہوتی ہے۔ تو اگلی بار جب بھی آپ کا بچہ آپ کی بات ماننے سے انکار کرے تو غصہ ہونے کے بجائے سوچیں کہ بڑے ہونے کے بعد اس کا پھل آپ کو اس کی کامیابی کی صورت میں ملے گا۔