اداکارہ ’’مدھو بالا‘‘ کی آج 84 ویں سالگرہ منائی گئی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع فروری 14, 2017 | 18:00 شام

ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) : ماضی کی انتہائی خوبصورت اور مشہور فلمی اداکارہ مدھو بالا کا آج چوراسی واں جنم دن تھا،خوب صورت مسکان والی ہیروئن مدھو بالا کا شمار ہندی فلموں کی سب سے بااثر شخصیات میں کیا جاتا ہے۔ وہ محض چھتیس سال کی عمر میں اس دار فانی سے کوچ کرگئیں تھیں۔

انہوں نے چالیس اور پچاس کی دہائی میں اپنے فن اداکاری سے مداحوں کے دل میں گھر

کرلیا تھا، چودہ فروری (ویلنٹائن ڈے) جو دنیا بھر میں محبت کرنے والوں کے لئے بہت خاص دن ہوتا ہے، دل چسپ اتفاق ہی ہے کہ بولی وڈ کی فلموں میں لازوال رومانوی کردار ادا کر کے امر ہوجانے والی مدھو بالا کا یوم پیدائش بھی 14 فروری 1933 ہے۔

مدھو بالا کا اصل نام ممتاز جہاں بیگم تھا، انہوں نے سال 1942 میں صرف نو سال کی عمر میں فلم بسنت سے اپنے فلمی کیریئر کا آغازکیا تھا، اس وقت کی مشہور فلم ساز دیویکا رانی نے انہیں مدھو بالا کا فلمی نام دیا، سال 1947 میں مدھو بالا نے فلم نیل کمل میں راج کپور کے مقابلے میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

فلم محل سے شہرت اور ناموری کا جو سفر مدھو بالا نے شروع کیا، اس کا عروج تھا، شہرہ آفاق فلم مغل اعظم جس کے بعد مدھو بالا صرف اداکارہ نہیں رہیں بلکہ سینما کی تاریخ میں لیجنڈ کی حیثیت اختیار کر گئیں، اپنی مختصر زندگی میں مدھو بالا نے چوبیس فلموں میں کام کیا جن میں سے زیادہ تر سپر ہٹ رہیں لیکن دلیپ کمار کے ساتھ مدھو بالاکی جوڑی کو دیکھنے والوں نے بہت پسند کیا۔

ان کی مشہور فلموں میں پرائی آگ، لال دوپٹہ، امرپریم، سنگار،نیکی اوربدی، دو استاد، چلتی کا نام گاڑی اور مسٹر اینڈ مسز 55 قابلِ ذکر ہیں۔ حسن و عشق کی دیوی مدھو بالا کا دلیپ کمار سے زبردست رومانس چلا وہ شادی بھی دلیپ کمار سے ہی کرنا چاہتی تھیں ﻣﮕﺮﺍﯾﺴﺎ ﻣﻤﮑﻦ ﻧﮧ ﮨﻮﺳﮑﺎ تاہم ان کی شادی اس وقت کے نامور گلوکار کشور کمار سے ہوئی۔

یہ ورسٹائل اداکارہ صرف 36 سال کی عمر میں 23 فروری 1969 کو عارضہ قلب میں مبتلا ہوکر اس دنیا سے رخصت ہوگئی لیکن اپنے کام سے ہمیشہ کے لئے امر ہو گئی۔آج بھی فلم انڈ سٹری میں انہی اتنی ہی شہرت حاصل جتنی پہلے تھی۔اور یہی وجہ ہے کہ آج ان کے جنم دن کر ان کی یادیں تازہ کی گئی ہیں۔۔۔۔۔۔