پاکستان میں مدارس کے حوالے سے بڑا فیصلہ کر لیا گیا ، تفصیلات اس خبر میں

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 24, 2016 | 05:51 صبح

اسلام آباد(ویب ڈیسک)وفاقی وزیر برائے مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی سردار محمدیوسف نے کہا ہے کہ تعلیمی اصلاحات کے ذریعے مدارس کو قومی دھارے میں شامل کیا جائے گا، مدارس میں نصاب کو جدید علوم سے ہم آہنگ بنانے کے لیے تمام مسالک کے علما کرام پرمشتمل علما مشائخ کونسل قائم کی گئی ہے ۔ مدارس کی رجسٹریشن کاطریقہ کار آسان اور سادہ ہوناچاہیے ، بجٹ میں مدارس کے لیے فنڈز مختص کیے جانے چاہییں ۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں نیکٹا کے اعلیٰ افسران نے قومی لائحہ عمل کے تناظر میں مدارس کی رجسٹریشن و ریگولیشن کے امور پر بریفنگ دی۔وفاقی وزیر سردار یوسف نے کہاکہ مدارس کی رجسٹریشن اورریگولیشن کے نظام کو آسان بنانا ضروری ہے،ماضی میں مدارس کے لیے فنڈز مختص کیے جاتے تھے، اب بھی مدارس میں عصری علوم کی تعلیم دینے کے لیے بجٹ میں فنڈز مختص کیے جانے چاہییں۔ انہوں نے کہاکہ مدارس کے نصاب کو جدید بنانے اور اس سے نفرت انگیز مواد نکالنے کے لیے علما مشائخ کونسل تشکیل دی گئی ہے ۔ مفتی منیب الرحمٰن اس کونسل کے کنوینر ہیں ۔ یہ کونسل جلد اپنی سفارشات وزارت مذہبی امورکو پیش کرے گی۔