طالبعلم کو چھ ہزار پانچ سو کٹ کیٹ کا تحفہ

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 16, 2016 | 18:04 شام

 

مین ہٹن (شفق ڈیسک) کینساس سٹیٹ یونیورسٹی کے طالب علم کی گاڑی سے ایک کٹ کیٹ چوری ہو گئی اور انہوں نے اس کا ذکر سوشل میڈیا پر کیا تو کمپنی نے فوری طور پر انہیں ایسی 6500 کٹ کیٹ بھجوا دیں۔ یونیورسٹی میں آنیوالے نئے طالب علم کیمطابق اس نے اپنی کار یونیورسٹی میں پارک کی تھی اور دروازے لاک نہیں کئے تھے جب وہ تھوڑی دیر بعد واپس آیا تو اس کی گاڑی کے ڈیش بورڈ پر رکھے ہوئے کپ سے کٹ کیٹ غائب تھی اور کاغذ کے ٹکڑے پر ایک تحریر لکھی ہوئی تھی۔ آپ کے کپ ہولڈر میں کٹ کیٹ دیکھی، مجھے کٹ کیٹ بہت

پسند ہے جب میں نے چیک کیا تو آپ کی گاڑی کا دروازہ کھلا ہوا تھا اور میں نے کٹ کیٹ کے سوا کسی بھی چیز کو ہاتھ نہیں لگایا ہے۔ معافی چاہتا ہوں مجھے بھوک لگ رہی تھی۔ اس کے بعد طالب علم نے چاکلیٹ چور کی تحریر اور اپنی گاڑی کی تصویر کی تفصیل ٹویٹر پر پوسٹ کر دی جو وائرل ہوتی گئی اور اس پر دلچسپ تبصرے کئے گئے۔ اس کے بعد کٹ کیٹ کمپنی نے طالب علم سے رابطہ کرکے اپنا نمائندہ یونیورسٹی بھیجا جو اس کیلئے ایک 2 نہیں بلکہ 6500 کٹ کیٹ بار لے کر آیا تھا۔ کمپنی کے اس اقدام پر طالب علم حیران رہ گیا اور ساری کٹ کیٹ اپنی کار میں بھر کر یونیورسٹی کے دوستوں میں تقسیم کردیں۔