ملالہ کینیڈا کی اعزازی شہری بن گئیں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع اپریل 13, 2017 | 06:15 صبح
اوٹاوہ (مانیٹرنگ ڈیسک) نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی اپنے والدین کے ہمراہ گزشتہ روز کینیڈا کی پارلیمنٹ میں پہنچیں۔ وزیراعظم کنیوا جسٹن ٹروڈو نے ملالہ یوسف زئی کا استقبال کیا۔ ملالہ یوسف زئی نے پارلیمنٹ ہل پر سرکاری کتاب میں اپنے تاثرات لکھے۔ ملالہ کا ہائوس آف کامنز میں زبردست استقبال کیا گیا۔ وزیراعظم جسٹن ٹروڈو سمیت تمام ارکان نے کھڑے ہوکر ملالہ کیلئے تالیاں بجائیں۔ وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے ملالہ کو کینیڈا کی اعزازی شہریت پیش کی۔ ملالہ نے وزیراعظم کو اپنی کتاب پیش کی۔ جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ ملالہ نے تمام لوگوں کو اندھیرے میں روشنی دکھائی ہے۔ ہم ملالہ کو کینیڈا کی نئی شہری کی حیثیت سے خوش آمدید کہتے ہیں۔ ملالہ پاکستان کی بہادر بیٹی اور فخر ہے۔ ملالہ یوسف زئی نے کینیڈین پارلیمنٹ سے خطاب کیا۔ ملالہ نے کینیڈین پارلیمنٹ میں بسم اللہ سے اپنے خطاب کا آغاز کیا۔ میرا ایمان ہے کہ جس نے کسی معصوم کی جان لی وہ مسلمان نہیں رہا۔ ملالہ فائونڈیشن کا نیا سی ای او کینیڈین شہری ہے جو بطور ریفیوجی کینیڈا آیا تھا۔ میری دعا ہے کہ کینیڈا تمام لوگوں کیلئے اپنے بازو کھلے رکھے۔ ہمسایہ ملک امریکہ کو بھی کینیڈا کی پیروی کرنی چاہئے۔ ہر لڑکی کو تعلیم فراہم کرنا میرا مشن ہے۔ ہم سب کو مل کر انسانیت کیلئے کام کرنا ہوگا۔