ملک ریاض کیسے کھرب پتی ہوئے،راز بتا دیا،کوئی بھی عمل کرکے ہوسکتا ہے
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع نومبر 13, 2016 | 19:06 شام
لاہور(مانیٹرنگ) بحریہ ٹاون کے بانی ملک ریاض نے کہا ہے کہ میں اپنی کل آمدنی کا 75فیصدفی سبیل اللہ خرچ کرتا ہوں، ایک کیا 10شربت گلہ کو گھر دینے کے لئے تیار ہوں۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے پروگرام "جرگہ"میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بحریہ ٹاون میں مڈل کلاس اور لوئر کلاس کو 5،5لاکھ میں مکمل گھر دیے،جن کے پاس رہنے کو گھر نہ بھی ہو اسے مفت میں مکمل تیار گھر دیتے ہیں ۔یہ سب مجھے میرے اللہ کا دیا ہوا ہے ، ہم ایسے کام کرتے ہیں لیکن کسی کو بتاتے نہیں اورنہ ہی کبھی کسی کا پردہ اٹھاتے ہیں۔میں کسی اور کو نہیں صرف اللہ کو جواب دہ ہوں،مجھے اپنے اللہ کے سوا کسی کا خوف نہیں ہے۔ مغرب میں جب کسی پر کوئی الزام لگتا ہے تو وہ استعفی دے دیتا ہے جبکہ پاکستان کا ہر آدمی دوسرے کو الزام دیتا ہے اورخود کچھ نہیں کرتا۔احتساب زمانہ حال کا ہونا چاہیے ماضی کے گڑے مردے نہ اکھاڑے جائیں ،ان سب سے صرف وقت ضائع ہو رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ شربت گلہ کو ایک کیا10 گھر دینے کے لئے تیار ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ 5ہزار،1ہزار کا نوٹ اور بونڈز کو بند کر دینا چاہیے،رشوت اپنے آپ کم ہو جائے گی،ہر پراجیکٹ کو آنر شپ دینی چاہیے،نیلسن منڈیلا کی طرح کا فارمولا پاکستان میں بھی ہونا چاہیے۔جس دن پاکستان سے خوشامد ختم ہو جائے گی ملک ٹھیک ہو جائے گا، جب نواز شریف کو مسٹر پرائم منسٹر کہہ کر بلایا جائے گا اس دن ملک ٹھیک ہو جائے گا۔کلرک اور سیکریٹری کا واش روم ایک ہو تو مسئلہ حل ہو جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ جو کام جنرل راحیل شریف نے کیا وہ پہلے کسی آرمی چیف نے نہیں کیا،فوج اور سول قیادت مل بیٹھ کر اپنے دائرہ کار متعین کرلیں تو حالات بہتر ہو جائیں گے۔گورنمنٹ سکول کے ٹیچرز کو زبان بھی ٹھیک سے بولنی نہیں آتی وہ کیا تعلیم عام کریں گے اور پرائیویٹ سکولوں میں فیسیں بہت زیادہ ہیں غریب کہاں جائیں،جس ملک نے اپنی عوام کا خیال رکھا ہے وہ ہمیشہ کامیاب ہی ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہمارے چینلزہیں،یہ سب اپنا کام ٹھیک طریقے سے کریں تو کوئی پریشانی نہیں ہوگی۔ہمارے ملک میں ابھی تک انقلاب نہیں آیا،انقلاب سے ملکوں کی حالت بدل جاتی ہے لیکن ملک کی موجودہ مذہبی اور سیاسی قیادت میں مجھے کسی سے کوئی امید نہیں ہے۔پاکستانیوں کا 380بلین ڈالر سرمایہ بیرون ملک ہے لیکن میری دولت اس ملک کے عوام کی امانت ہے،میرا خاندان ہمیشہ اس ملک کی ترقی کے لئے کام کرتا رہے گا۔’’اللہ کے کرم سے مجھے پاکستان کا مستقبل بہت اچھا نظر آرہا ہے۔اس ملک کی خوشحالی کے لئے 50ملک ریاض قربان ہیں۔‘‘