محبت میں تئیس سو کلومیٹر سفر طے کرکے محبوب کی باہو میں

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 05, 2016 | 12:42 شام

بداپسٹ (شفق ڈیسک) انٹرنیٹ کے ذریعے ہونیوالی لڑکے لڑکیوں کی ملاقاتیں عموماً مایوسی پر منتج ہوتی ہیں کیونکہ انکے ذہن میں انٹرنیٹ پر شیئر کی گئی خوبصورت تصاویر ہوتی ہیں۔ لیکن جب اصل ماڈل سامنے آتا ہے توبہت سوں کو ایک دھچکا لگتا ہے۔ پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ ہنگری کے ایک سیاح نے اپنے سفر میں ہمرکابی کیلئے ویب سائٹ مس ٹریول کے ذریعے میکسیکو کی ایک لڑکی کو بلا لیا لیکن ملتے ہی دونوں ایک دوسرے سے اتنے متاثر ہوئے کہ ایک دوسرے دل دے بیٹھے اور زندگی بھر ایک ساتھ سفر کرنے کا عہد باندھ لیا۔ رپورٹ کیمطابق 32سالہ زسولٹ لیوائی نامی ہنگری کا یہ شخص ان دنوں قبرص کے سیاحتی دورے پر ہے۔ اس نے ویب سائٹ مس ٹریول پر ساتھی کی تلاش شروع کی۔ جب اس کی نظر میکسیکو کی 21سالہ ساریہ لیزاما پر پڑی تو فوری طور پر اس سے رابطہ کر لیا۔ زسولٹ کا کہنا تھا کہ میں نے ساریہ کی تصویر دیکھ تو صرف یہی خیال آیا کہ یہ بہت خوبصورت ہے۔ اس کے بعد ہم نے انٹرنیٹ پر بات چیت شروع کر دی۔ کافی دن تک ہم ایک دوسرے کو سمجھنے کی کوشش کرتے رہے۔ پھر میں نے ٹکٹ بھیج کر ساریہ کو اپنے پاس قبرص بلا لیا۔ جب ہم ایئرپورٹ پر پہلی بار ملے تو وہ میری توقعات سے کہیں بڑھ کر تھی۔میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ یوں انٹرنیٹ کے ذریعے مجھے جیون ساتھی مل جائے گا۔ دوسری طرف ساریہ کا کہنا تھا کہ مجھے زسولٹ کے پاس قبرص آنے کا فیصلہ کرنے میں بہت وقت لگا۔ اس کیلئے بہت ہمت درکار تھی۔ پھر میں نے حوصلہ کیا اور چلی آئی۔ یہاں آ کر معلوم ہوا کہ زسولٹ میری توقع سے بڑھ کر محبت کرنے والا تھا، تب سے اس نے مجھے کسی شہزادی کی طرح رکھا ہوا ہے۔ جب میں اس سے ملنے آئی تو میرے بالکل ذہن میں بھی نہیں تھا کہ ہمارا یوں رشتہ بن جائے گا۔ میں تو محض ایک سفر میں ہمراہی کے لیے اس کے پاس آئی تھی۔لیکن ایک ہفتے میں ہی ہم ایک دوسرے کے اتنے قریب آ گئے کہ عمر بھر اکٹھے رہنے کا فیصلہ کر لیا۔