رشتوں کی ویب سائٹ پر شادی کی پیشکش ٹھکرانے کے بعد لڑکے نے ایسی گھٹیا حرکت کی کہ جان کر آپ بھی کانوں کو ہاتھ لگائیں گے،

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع فروری 01, 2017 | 22:33 شام

نئی دلی (مانیٹرنگ ڈیسک)انٹرنیٹ جہاں ہمارے اور بہت سے کاموں کے لئے ضروری قرار پا گیا ہے وہیں رشتہ ڈھونڈنے کے لئے بھی اس کے استعمال کا رواج عام ہوتاجا رہا ہے۔ اب تو درجنوں ایسی ویب سائیٹیں سامنے آ چکی ہیں جو ہر علاقے اور طبقے کے لوگوں کو اچھے سے اچھا رشتہ پیش کرنے کا دعوٰی کر رہی ہیں، مگر بھارت میں ایک خاتون ڈاکٹر کے ساتھ پیش آنے والے خوفناک واقعے سے اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ رشتہ ڈھونڈنا کا یہ نیا طریقہ کس قدر خطرناک ہے۔ اخبار ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق بنگلور شہر سے تعلق رکھنے والی خاتون ڈینٹسٹ نے اپنے لئے مناسب رشتہ ڈھونڈنے کے لئے ایک ویب سائٹ پر اپنا اکاﺅنٹ بنا رکھا تھا۔ اسے متعدد افراد کی جانب سے اپنی معلومات بھجوائی گئیں، لیکن ایک شخص نے اپنا پروفائل بھیجنے کے بعد باربار ان سے فون پر رابطہ کرنا شروع کردیا۔ خاتون ڈاکٹر نے بتایا کہ اس شخص نے ایک میسج بھیجا جس میں لکھا تھا ”آپ نے میرا پروفائل دکھا؟ کیسا لگا؟“ انہوں نے اسے جواب میں بتایا کہ والدین کے ساتھ مشورے کے بعد وہ اس فیصلے پر پہنچی تھیں کہ وہ ایک دوسرے کے لئے موزوں نہیں ہیں۔ یہ جواب سننے کے باوجود اس شخص نے ایک اور میسج بھیجا ”کیا ہماری دوستی ہوسکتی ہے؟“ جب خاتون ڈینٹسٹ نے اس سے پوچھا کہ اس بات کا کیا مطلب ہے، تو اس نے غیر معمولی بے حیائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ جسمانی تعلق استوار کرنا چاہتا تھا۔لیڈی ڈاکٹر اس بات پر سخت برہم ہوئیں اور اسے خبردار کیا کہ وہ دوبارہ انہیں کال یا میسج نہ کرے۔ اس تنبیہہ کے باوجود یہ بدمعاش شخص باز نہ آیا اور خاتون ڈاکٹر پر دوستی کرنے کے لئے دباﺅ ڈالتا رہا۔ جب خاتون نے اس کی بات تسلیم کرنے سے صاف انکار کردیا تو اس نے ایک فحش ویب سائٹ پر ان کا نام، فون نمبر اور گھر کے ایڈریس سمیت تمام معلومات پوسٹ کردیں اور ساتھ لکھا کہ یہ خاتون جسم فروشی کرتی ہیں اور گاہکوں کی تلاش میں ہیں۔لیڈی ڈاکٹر نے بتایا کہ یکم جنوری سے انہیں بیہودہ کالز اور میسج موصول ہونا شروع ہوئے اور پھر یہ سلسلہ بڑھتا ہی چلا گیا۔ انہیں کال کرنے والے اجنبی بتاتے تھے کہ انہوں نے انٹرنیٹ کی ایک فحش ویب سائٹ سے ان کا فون نمبر لیا ہے۔ شرمناک کالز کا ایسا تانتا بندھا کہ بیچاری خاتون کو مجبور ہو کر پولیس کے پاس جانا پڑا۔ ان کی شکایت پر پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا گیا اور سائبر کرائم کی متعدد دفعات کے تحت شکایت درج کرنے کے بعد ملزم کی تلاش شروع کردی۔لیکن اس واقع کے بعد بہت سی لڑکیاں محتاط ہو گئی ہیں ۔کیوں کہ رشتے کی چکروں میں وہ اپنی عزت داو پر نہیں لگا سکتیں۔