لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک): اداکارہ عروہ حسین اور گلوکار فرحان سعید کی دعوت ولیمہ کی شاندار تقریب لاہور میں منعقد کی گئی جس میں ملک کے نامور شوبز ستاروں نے بھی بھرپور شرکت کی۔خوبرو اداکارہ عروہ حسین اور فرحان سعید رشتہ ازدواج میں بندھ گئے۔
دعوت ولیمہ میں دونوں کی خوشیوں میں شریک ہونے کے لیے پاکستانی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے افراد بھرپور انداز سے شریک ہوئے۔دونوں ستارے جہاں اپنی شادی پر بے حد خوش ہیں وہیں انہوں نے مستقبل میں گلوکاری اور اداکاری میں ایک دوسرے کا ساتھ دینے کا عزم بھی ظاہر کیا۔دعوت ولیمہ میں ریشم، نعمان اعجاز اور فواد خان سمیت مختلف ماڈلز اور اداکاروں نے شرکت کی۔
تقریب میں دلہا دلہن سمیت متعدد افراد نے رقص بھی کیا۔عروہ حسین اور فرحان سعید کی دعوت ولیمہ میں شریک شوبز شخصیات نے دونوں کی خوشگوار ازدواجی زندگی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔