روس اور چین ایک مشن پر اکٹھے ہو گئے

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 17, 2017 | 19:14 شام

ماسکو (شفق ڈیسک) روس نے کہا ہے کہ چین اور روس تاریخی طور پر اپنے بہترین تعلقات کیساتھ عالمی امن قائم کرنے کیلئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ دونوں ممالک عالمی امن واستحکام کے قیام کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے، باہمی اسٹریٹجک شراکت داری اور تفصیلی تعاون کیساتھ علاقائی اور بین الاقوامی امور پر کام کر رہے ہیں گزشتہ سال روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی جانب سے دورہ چین میں دونوں ممالک کے مابین معاشی تعاون سے لیکر عالمی سکیورٹی کے حوالے سے مختلف

معاہدوں پر دستخط کئے گئے جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں ممالک کی قیادت بین الاقوامی معاملات کو کتنی اہمیت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین اور روس جزیرہ نما کوریا کے ایٹمی معاملہ کے حوالے سے متعلقہ فریقین کے مابین مذاکرات کو بحال کرنیکی کوشش کر رہے ہیں تاکہ خطہ کسی بھی قسم کے خطرے کا مرکز نہ بنے۔ دونوں ممالک شام، عراق، لیبیا اور یمن کے معاملہ پر بھی مشترکہ موقف رکھتے ہیں جس سے دونوں ممالک کے مابین بہترین رابطہ سازی ظاہر ہوتی ہے۔