پاکستان نے سڈنی ٹیسٹ میچ میں انتہائی شرمناک تاریخ رقم کر دی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 07, 2017 | 17:24 شام

سڈنی(مانیٹرنگ ڈیسک): آسٹریلیا نے پاکستان کو آخری ٹیسٹ میں بھی شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کردیا۔سڈنی ٹیسٹ کے آخری روز آسٹریلیا کی جانب سے دیئے گئے 465 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم شدید مشکلات کا شکار ہے اور گرین کیپس نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 210 رنز بنا لئے ہیں جب کہ قومی ٹیم کو میچ جیتنے کے لئے مزید 264 رنز درکار ہیں اور اس کی صرف 3 وکٹیں باقی ہیں۔ سرفراز احمد 43 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں جو دوسری اننگز میں قومی ٹیم کی جانب سے کسی بھی کھلاڑی کا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔کھیل کے آخری روز پاکستان نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز ایک وکٹ 55 رنز پر کیا تو اظہر علی اپنے گزشتہ روز کے اسکور میں اضافہ کئے بغیر 11 رنز پر ہی ہیزل ووڈ کی گیند پر ان ہی کو آسان کیچ دے کر آؤٹ ہو گئے، بابر اعظم ایک بار پھر صرف 9 رنز بنا کر ہیزل ووڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ پہلی اننگز میں 175 رنز بنانے والے یونس خان بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 13 رنز بنا کر ناتھن لیون کا شکار بن گئے، گزشتہ روز بطور نائٹ واچ مین آنے والے یاسر شاہ نے بھی 13 رنز کے لئے 93 گیندوں کا سامنا کیا، انہیں اسٹیو اوکیفے نے آؤٹ کیا۔اسد شفیق 30 رنز بنا کر مچل اسٹارک کی گیند پر بولڈ ہوئے جب کہ کپتان مصباح الحق ایک بار پھر چھکا لگانے کی کوشش میں اوکیفے کی گیند پر لیون کو کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 38 رنز کی اننگز کھیلی۔ وہاب ریاض نے 3 چوکوں کی مدد سے 12 رنز بنائے تھے کہ اوکیفے کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کھڑے میتھیو ویڈ نے کیچ کی اپیل کی جسے امپائر نے مسترد کر دیا جس پر آسٹریلوی قائد اسٹیون اسمتھ نے ریویو لے لیا جس پر انہیں آؤٹ قرار دیا گیا۔یاد رہے کہ آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز 538 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کی تھی جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم نے 315 رنز بنائے تھے جب کہ آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز بھی 241 پر ڈیکلیئر کر کے پاکستان کو جیت کے لئے 465 رنز کا ہدف دیا تھا۔