ویسٹ انڈیز نے بیٹنگ کے بعد پاکستان کو234 رنز کا ہدف سے دیا
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع اپریل 11, 2017 | 18:10 شام
گیانا(مانیٹرنگ ڈیسک): ویسٹ انڈیز نے تین ایک روزہ میچز کی سیریز کے فائنل میں پاکستان کو جیت کے لئے 234 رنز کا ہدف دیا ہے۔ویسٹ انڈیز کے شہر پروویڈنس میں کھیلے جارہے فیصلہ کن معرکے میں ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 233 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے ایون لیوز اور والٹن نے اننگز کا آغاز کیا تاہم دونوں کھلاڑی 40 رنز کے مجموعی اسکور پر بالترتیب 16 اور 19 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد کیرن پاول اور شائی ہوپ میدان میں اترے تاہم پاول 23 رنز بنا کر عماد وسیم کا شکار بنے۔چوتھی وکٹ پر جیسن محمد اور شائی ہوپ نے 101 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کا مجموعی اسکور 169 تک پہنچا تو جیسن محمد 59 رنز بنا کر جنید خان کا شکار بن گئے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں ہوپ 71، جوناتھن کارٹر11، کپتان جیسن ہولڈر 12، ورسیمی پرمال 8 اور دیوندرا بشو بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عامر، جنید خان اور شاداب خان نے 2،2 جب کہ عماد وسیم اور حسن علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔فیصلہ کن معرکے میں پاکستان کی جانب سے گزشتہ میچ کے فاتح اسکواڈ کو برقرار رکھا گیا جب کہ ویسٹ انڈیز نے الزاری جوزف کی جگہ ویرا سیمی پرمال کو شامل کیا گیا ہے۔واضح رہے ویسٹ انڈیز نے آخری مرتبہ 1991 میں پاکستان کو ون ڈے سیریز میں شکست دی تھی۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ پاکستان ویسٹ انڈیز کے خلاف 26 سالہ ریکارڈ کا دفاع کرے گا یا ویسٹ انڈیز اس ریکارڈ کو مزید طویل ہونے سے روکے گا۔ فیصلہ جلد ہی آجائے گا۔