پی ایس ایل، لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے دی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع فروری 11, 2017 | 18:29 شام

دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک): جیسن روئے کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ کی پہلی فتح اپنے نام کرلی۔دبئی میں کھیلے جانے والے پاکستان سپر لیگ کے ٹی ٹوئنٹی میچ میں اسلام آباد کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مخالف ٹیم کو جیت کے لیے 158 رنز کا ہدف دیا۔ہدف کا تعاقب کرنے کے لیے لاہور قلندرز نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو 38 رنز پر پہلی جبکہ 43 رنز پر دوسری وکٹ کھو دی تھی تاہم نئے آنے والے بلے باز جیسن روئے نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 51 بالز پر

60 رنز کی فاتحانہ اننگز کھیلی۔قلندرز کی تیسری وکٹ 114 جبکہ چوتھی 126 کے مجموعی اسکور پر گری تاہم وکٹ پر رکنے والے روئے نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور اپنی ٹیم کو فتح دلوائی۔اسلام آباد یونائٹیڈ نے اپنے دوسرے میچ میں تین تبدیلیاں کی ہیں جن میں شرجیل خان اور خالد لطیف کو مشکوک افراد سے رابطے کی وجہ سے وطن واپس بھیج دیا گیا ہے اور ان کی جگہ آصف علی اور شاداب خان کو موقع دیا گیا ہے۔محمد عرفان سے بھی میچ فکسنگ کے حوالے سے تحقیقات کی گئی تاہم ان پر میچ کھیلنے کی پابندی عائد نہیں کی گئی مگر اسلام آباد یونائٹیڈ نے آج کے میچ میں انہیں باہر بٹھانے کا فیصلہ کیا اور ان کی جگہ رومان رئیس کو موقع دیا ہے۔اسلام آباد کی ٹیم کی اوپننگ پارٹنر شپ اچھی ملی اور اُن کی پہلی وکٹ 73 پر گری تاہم ایک رنز اضافے کے بعد دوسری اور 97 پر تیسری وکٹ گری، تاہم کپتان مصباح الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 36 گیندوں پر 61 رنز اسکور کیے اور ٹیم اچھا اسکور کرنے میں کامیاب ہوئی۔ یونائیٹڈ کی چوتھی وکٹ 114 رنز ، پانچویں 118، چھٹی 158 رنز پر گری۔لاہور قلندرز کی جانب سے جی ڈی الیوٹ نے چار ، نارائن ایک اور سہیل تنویز نے بھی ایک وکٹ حاصل کی۔اور شاندار کامیابی حاصل کی ۔