ون ڈے سیریز، پاکستان اور آسٹریلیا کل ٓاپنے سامنے ہوں گے

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 12, 2017 | 19:05 شام

برسبین(مانیٹرنگ ڈیسک): پاکستان اور آسٹریلیا پہلے ون ڈے میچ میں کل مدمقابل ہوں گے، میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 8:30 بجے شروع ہوگا۔گرین شرٹس فارمیٹ کی تبدیلی کے ساتھ نتائج کی تبدیلی کے بھی خواہش مند ہیں، قبل ازیں گابا میں کھیلے جانے والے ایک روزہ کے آٹھ میچز میں گرین شرٹس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔پاکستان ٹیم کے لیے سب سے بڑا امتحان ایک ون ڈے میچ میں کامیابی حاصل کرکے براہ راست ورلڈ کپ میں رسائی حاصل کرنا ہے۔قومی ٹیم کو ون ڈے سیریز سے قبل ہی دھچکا لگ چکا ہے، وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد والدہ کی علالت کے باعث وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔قومی کرکٹ ٹیم اس وقت آئی سی سی کی ون ڈے کرکٹ کی ریکنگ میں آٹھویں نمبر پر موجود ہے جب کہ بنگلہ دیش ساتویں نمبر پر براجمان ہے تاہم قومی ٹیم ویسٹ انڈیز سے دو پوائنٹس آگے ہے۔ون ڈے کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں براہ راست شرکت کو مدنظر رکھتے ہوئے کینگروز کے خلاف نئے عزم کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔اظہر علی نے کہا کہ کینگروز کو ہوم گراؤنڈ پر شکست دینا مشکل ہے لیکن ہم کامیابی حاصل کریں گے تو مورال میں مزید اضافہ ہوگا۔سرفراز احمد کے سوال پر اظہر علی نے کہا کہ نائب کپتان کی کمی محسوس ہوگی، دیگر میچز میں بھی سرفراز احمد کی شرکت یقینی نہیں ہے۔