کینگروز نے شاہینوں کو ایک بار پھر ہارا دیا
پرتھ(مانیٹرنگ ڈیسک): پاکستانی ٹیم نے گزشتہ میچز کی غلطیوں سے سبق نہ سیکھا. تیسرے ون ڈے میں پھر وہی غلطیاں دہرائیں ، میزبان ٹیم نے بھی خوب فائدہ اٹھایا ، کینگروز نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دیکر پانچ میچز کی سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل کر لی ۔پرتھ میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے معرکے میں میزبان بلے باز پاکستان کا 264 رنز کا ہدف حاصل کرنے میدان میں اترے تو 44 رنز کے مجموعی اسکور پر اوپنر ڈیوڈ وارنر کا پہلا نقصان ہوا وہ 35 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔جس کے بعد کپتان اسٹیون اسمتھ اور پیٹر ہینڈس کامب نے قومی بولرز کی بدحواسیوں کا خوب فائدہ اٹھایا ، دونوں نے تیسری وکٹ پر 183 رنز کی شاندار شراکت داری قائم کر ڈالی۔پیٹر ہینڈس کامب کو صفر پر جنید خان نے آؤٹ کیا لیکن ری پلے میں فاسٹ بولر کا پاؤں مقررہ لائن سے باہر ہونے کی وجہ سے وہ دوبارہ کریز پر ایسے ٹِکے کہ پھر انہیں قومی بولرز کی صرف دھلائی ہی ملی، اس کے بعد آٹھ اور پھر تیرہ رنز پر ڈراپ کیچز کے باعث نئی زندگی پانے والے ہینڈس کامب نے 82 رنز کی اننگز کھیلی۔ادھر اسٹیون اسمتھ کے بھی آسان کیچ جو ڈراپ ہوئے تو وہ اپنے ون ڈے کیرئیر کی آٹھویں سنچری بنا گئے، اسمتھ نے 108 رنز پر ناقابل شکست رہ کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا ۔ میزبان ٹیم نے ہدف 45 اوورز میں تین وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔اس سے قبل پاکستانی ٹیم نے محتاط بلے بازی کی بدولت مقررہ میں سات وکٹوں پر 263 رنز بنائے تھے ،بلے باز آخری دس اوور ز میں صرف 50 رنز کا اضافہ ہی کر سکے جس میں سب سےزیادہ نوجوان بیٹسمین بابر اعظم کے 84 رنز شامل ہیں۔شرجیل خان اپنی جارحانہ اور کیرئیر کی چوتھی ففٹی بنا کر دوسرے بہترین بلے باز تھے ۔ شعیب ملک اور عمر اکمل نے 39 ، 39 رنز کا اضافہ کیا۔قائم مقام کپتان محمد حفیظ چار ، اسد شفیق پانچ ، اور عماد وسیم نو رنز بنا کر نو دو گیارہ ہوئے۔