بلائنڈ ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان نے نیپال کو بھی پچھاڑ دیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع فروری 03, 2017 | 20:27 شام

نئی دلی(مانیٹرنگ ڈیسک): بلائنڈ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم نے مسلسل پانچویں فتح حاصل کرتے ہوئے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی ہے۔ اور یہ پہلی بار ہے کہ بغیر کسی رکاوٹ کے پاکستان نے اتنا اچھا کھیلا ہے۔۔۔۔نئی دلی میں جاری میگا ایونٹ  بلائنڈ ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان نے مسلسل پانچویں فتح حاصل کرتے ہوئے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر لی ہے، گرین شرٹس نے نیپال کو 10 وکٹ سے شکست دیتے ہوئے مسلسل پانچویں فتح حاصل کر لی۔ 117 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے 8 ویں اوور میں پورا کر لیا۔

ریاست خان 56 اور مطیع اللہ 50 رنز پر ناقابل شکست رہے۔نیپالی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 116 رنز بنائے، پاکستان کی نپی تلی بولنگ کے سامنے نوآموز ٹیم بڑا مجموعہ سکور کرنے میں ناکام رہی، سنیل رانا 40 رنز کیساتھ ٹاپ سکور رہے، رمیش بہادر 15، پدم بہادر اور لوک بہادر نے 10,10 رنز بنائے، 6 بیٹسمین ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہو سکے۔ پاکستان کی جانب سے ثناء اللہ خان نے 2 جبکہ ریاست خان اور محمد ایاز نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔پاکستان نے اوپنرز کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت 117 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے 7.5 اوورز میں ہی حاصل کر لیا، ریاست خان نے صرف 20 گیندوں پر 56 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ مطیع اللہ نے 35 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 50 رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے۔پاکستان ٹیم ایونٹ میں مسلسل پانچویں فتح کیساتھ سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے، اس سے قبل وہ سری لنکا، روایتی حریف بھارت، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کو شکست سے دوچار کر چکی ہے۔ گرین شرٹس کا اگلا مقابلہ 6 فروری کو جنوبی افریقہ سے ہو گا۔اور پاکستان کی ٹیم اس میچ میں بھی جیت کے جھنڈے گاڑنے کے لیے بے چین ہے۔