چوتھا ون ڈے‘ آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لئے اتنا بڑا ہدف دیدیا کہ۔۔۔ تفصیلات اس خبر میں

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 22, 2017 | 07:48 صبح


سڈنی (مانیٹرنگ رپورٹ) چوتھے ون ڈے میچ میں پاکستانی باﺅلرز بھی ناکام ہو گئے، آسٹریلوی بلے بازوں نے مار مار کر ”بھرکس“ نکال دیا اور جیت کیلئے 354 رنز کا ہدف دیدیا ہے۔ ڈیوڈ وارنر نے انتہائی دھواں دار بلے بازی کرتے ہوئے 130 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ ٹریوس ہیڈ اور گلین میکس ویل نے طوفانی نصف سنچریاں بنا کر رہی سہی کسر بھی نکال دی۔ پاکستانی فیلڈرز نے بھی آسٹریلوی باﺅلرز کا خوب ساتھ دیا اور ایک نہیں، دو نہیں بلکہ پورے پانچ کیچ ڈراپ کئے۔ 
تفصیلات کے مطابق سڈنی کرکٹ

گراﺅنڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور انتہائی ذمہ دارانہ اور عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 353 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔ آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 92 کے مجموعی سکور پر گری اور عثمان خواجہ 30 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ امید تھی کہ پہلی وکٹ ملنے پر پاکستانی باﺅلرز کا مورال بلند ہو گا اور آسٹریلوی بلے باز محتاط، مگر ڈیوڈ وارنر کے ارادے کچھ اور ہی تھے، انہوں نے فاسٹ اور سپنرز، دونوں کو ہی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہیں بے بس کر دیا اور گراﺅنڈ کے چاروں جانب خوبصورت سٹروکس کھیل کر سنچری مکمل کی۔ 
انہوں نے کپتان سمتھ کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کی شراکت میں 120 رنز جوڑ کر مجموعی سکور بھی 212 پر پہنچا دیا تاہم اس موقع پر وہ 130 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے۔ کپتان سٹیو سمتھ کو میدان میں آتے ہی اس وقت نئی زندگی ملی جب شرجیل خان نے ان کا ایک آسان کیچ چھوڑ دیا، اس کے بعد وہ کسی کے ہاتھ نہ آئے اور 49 رنز بنا ڈالے تاہم ایک سکور کی کمی سے نصف سنچری مکمل کرنے میں ناکام رہے۔ 
رہی سہی کسر ٹریوس ہیڈ اور گلین میکس ویل نے نکال دی اور دھواں دار بلے بازی کرتے ہوئے پاکستانی با?لرز کے ”آنسو “ نکلوا دئیے۔ ٹریوس ہیڈ نے صرف 36 گیندیں کھیل کر 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 51 رنز بنائے جبکہ گلین میکس ویل نے 78 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 1 چھکا اور 10 چوکے بھی شامل ہیں۔ میتھیو ویڈ نے بھی 5 رنز بنائے۔ پاکستانی فیلڈرز نے بھی آسٹریلوی بلے بازوں کی عمدہ کارکردگی میں ”ہاتھ بٹایا“ اور 5 کیچ ڈراپ کر کے انہیں پہاڑ جیسا ہدف دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ 
پاکستان کے باﺅلنگ اٹیک نے انتہائی بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور آسٹریلوی بلے بازوں کو روکنے میں بری طرح ناکام ہو گیا۔ 2 سال بعد تباہ کن باﺅلنگ کے ذریعے واپسی کرنے والے جنید خان سب سے مہنگے باﺅلر ثابت ہوئے جنہوں نے 10 اوورز میں 82 رنز دئیے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کی۔ محمد عامر دوسرے مہنگے ترین باﺅلر ثابت ہوئے جنہوں نے 10 اوورز میں 75 رنز دئیے اور ایک وکٹ حاصل کی۔ محمد حفیظ نے 9 اوورز میں 54 رنز دے ڈالے جبکہ عماد وسیم نے 69 رنز دئیے۔ حسن علی کی کارکردگی قدرے بہتر رہی جنہوں نے 52 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔