میئر لاہور کے سر پر نااہلی کی تلوارلٹک گئی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 10, 2017 | 19:08 شام

لاہور(مانیٹرنگ) چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے لاہور کے نو منتخب مئیر کرنل ریٹائرڈ مبشرجاوید کو نااہل قرار دینے کے لئے دائر درخواست پرفریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 16جنوری تک جواب طلب کر لیاہے۔درخواست گزارعبیدالرحمن کے وکیل شیراز ذکاءنے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید چیف وارڈن سول ڈیفنس کے سرکاری عہدے پر براجمان ہیں جبکہ کرنل ریٹائرڈ مبشر جاویدنے متروکہ وقف املاک بورڈ کی قائم یونیورسٹی کے بورڈ آف گورنرز کا عہدہ بھی سنبھال رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ قانون کے تحت سرکاری ملازم دو سال تک عوامی عہدہ نہیں رکھ سکتا۔لہذا استدعا ہے کہ کرنل مبشر جاوید کو میئر کے عہد ے کےلئے نااہل قرار دیا جائے۔سرکاری وکیل نے کہا کہ درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں لہذا درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کیا جائے۔ تاہم عدالت نے فریقین کو سولہ جنوری کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیاہے۔