سبزیوں‘ پھلوں اور مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ‘ ٹماٹر نایاب

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع مارچ 27, 2017 | 04:26 صبح

لاہور/ اسلام آباد (مانیٹرنگ) ملک بھر میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں اچانک زبردست اضافہ ہوگیا، مرغی کے گوشت، ٹماٹر اور پھلوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں، شہری مہنگائی سے پریشان ہوگئے، وزیراعظم نے قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کا نوٹس لے لیا اور انتظامیہ کو قیمتیں کم کرانے کی ہدایت کردی۔ اتوار بازاروں کے معاملات بھی انتظامیہ کی عدم توجہ کی وجہ سے بہتری کی بجائے مسلسل تنزلی کا شکار ہورہے ہیں۔ پولیس کی بجائے سول ڈیفنس کے ناتجربہ کار عملے کو تعینات کرنے سے بازار کسی بھی دہشت گردی کا نش

انہ بن سکتے ہیں۔ اتوار بازاروں میں پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے، ناجائز وصولی، گلے سڑے پھلوں کی فروخت، اے کیٹیگری پھلوں کے نام پر بی اور سی کیٹیگری کے پھل کی فروخت جاری رہی۔ ٹماٹر کی قیمت 70 سے بڑھا کر 90 روپے کردی گئی مگر 90 روپے کچا سبز بیر کے سائز کا ٹماٹر دستیاب تھا جس پر شادمان بازار کی انتظامیہ اتوار بازار کے باہر 150 روپے کلو ٹماٹر بیچنے والے افراد کی ریڑھیاں پکڑ کر بازار میں لے آئے جو 130 روپے کلو میں ٹماٹر فروخت کرتے رہے۔ پھلوں میں سیب کالاکلو10 روپے اضافہ سے 140، سیب امری 5 روپے اضافہ سے 75، سیب کالاکو میدانی 2 روپے اضافہ سے 85، کیلا اول 10 روپے اضافہ سے 85، مالٹا کالا 11 روپے اضافہ سے 125، مسمی 5 روپے اضافہ سے 125، مالٹا 5 روپے اضافہ سے 75، مالٹا شگری 3 روپے اضافہ سے 110، کینو اول 10 ورپے اضافہ سے 130، کینو دوم 7 روپے اضافہ سے 75، مکئی کے سٹے 3 روپے اضافہ سے 18، کھجور ایرانی 5 روپے اضافہ سے 135، بیر 10 روپے اضافہ سے 60 ، امرود 5 روپے اضافہ سے 65 اور چیکو 5 روپے کمی سے 80، سٹابری 20 روپے کمی سے 160 روپے کلو ہوگئی۔ سبزیوں میں مونگرے 10 روپے اضافہ سے 45، بینگن 5 روپے اضافہ سے 30، لہسن چائنہ 5 روپے اضافہ سے 294، لیموں چائنہ 3 روپے اضافہ سے 60، میتھی 2 روپے اضافہ سے 18، بند گوبھی 3 روپے اضافہ سے 18، شلجم 3 روپے اضافہ سے 10 روپے کلو ہوگئے۔ جبکہ ٹینڈے دیسی 20 روپے کمی سے 100، کھیرا 7 روپے کمی سے 23، لہسن دیسی 5 روپے کمی سے 85، گوبھی 7 روپے کمی سے 25، شملہ مرچ 5 روپے کمی سے 45، مٹر 5 روپے کمی سے 35، سبز مرچ 34 روپے کمی سے 76 روپے کلو ہوگئی۔ کراچی اور پشاور میں بھی سبزیوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔ اتوار بازاروں میں ٹماٹر نایاب ہوگئے۔ اتوار بازار انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 100 روپے کلو کچا ٹماٹر سبسڈی پر دیا جارہا ہے۔ لاہور کی عام مارکیٹ میں ٹماٹر 100 سے 175 روپے کلو فروخت ہورہا ہے۔ کراچی میں مرغی کا گوشت 350، لاہور میں 250 تک پہنچ گیا۔ دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ سبزیوں، پھلوں اور مرغی کی ہوشربا اضافہ ان کے لئے مشکلات کا باعث ہے۔ حکومت نے مہنگائی کنٹرول کرنے کے لئے کوئی میکانزم نہیں بنایا۔ گوشت کھانا تو دور سبزیاں بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتی جارہی ہیں۔