خادم اعلیٰ کی جنگلہ بس نے تو ریکارڈ قائم کردیا، ساتھ ہی عوام کے لیے بڑی خوشخبری آگئی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع مارچ 09, 2017 | 18:27 شام

لاہور(مانیٹرنگ رپورٹ )میٹرو بس سروس نے چار برسوں میں پاکستان کی کل آبادی کے برابر افراد کو سفر کرانے کا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔2013 ءکے اوائل میں میٹرو بس سروس کا آغاز ہوا جس نے جنوری 2017 ءتک 19 کروڑ، 29 لاکھ ،94 ہزار ، 511 افراد کو سفری سہولت بہم پہنچائی ہیں۔پی ایس ایل کے فائنل کے موقع پر میٹرو بسوں نے 90 ہزار ،250 مسافروں کولانے لیجانے کا کام کیا۔میٹرو بسوں میں ماہانہ 40 لاکھ کے قریب مسافر سفر کرتے ہیں۔جنوری 2017 ئ میں 43 لاکھ، 7 ہزار بارہ مسافروں نے شاہدرہ سے گجو متہ تک 27 میٹرو بس سٹیشنز

کو استعمال کیا۔میٹرو بسوں سے اوور لوڈنگ ختم کرنے کے لئے لاہور کے تمام روٹس پر رواں ماہ 200 نئی بسیں چلا دی جائیں گی جسکا افتتاح وزیر اعلیٰ میاں شہباز شریف خود کریں گے۔لاہور میں مسافروں کی تعداد بڑھنے سے بسوں کی کمی کو پورا کرنے کے لئے چلائی جانے والی نئی بسوں کو ڈائیوو کے تعاون سے شہر کے 14 روٹس پرچلایا جا رہا ہے۔ میٹرو بس سروس کے جی ایم آپریشن سید عزیر شاہ نے اس حوالے سے کہا کہ دو سو نئی بسوں میں 162 بسیں 8 میٹر لمبائی اور 38 بسیں 12 میٹر لمبائی کی ہونگی۔انہوں نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کے پیکج ون کا کام عدالتی حکم کی وجہ سے رکا ہوا ہے اسکے علاوہ باقی کام مکمل ہو نے کے قریب ہے۔جی ایم میٹرو عزیر شاہ نے بتایا کہ میٹرو روٹ پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ٹریک مرمت کر دیا گیا ہے اور جن میٹرو سٹیشنز پر بھکاریوں نے ڈیرے لگائے تھے انکو بھی ہٹا دیا گیا ہے۔
`