مصباح نے خود کو عمران خان کا سچا اور پکا پیروکار ثابت کردیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 02, 2017 | 13:35 شام

سڈنی(مانیٹرنگ) قومی ٹیسٹ اسکواڈ کے قائد مصباح الحق نے اپنی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے بیان پر یو ٹرن لے لیا۔سڈنی میں پریس کانفرنس کے دوران قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہنے کے حوالے سے بیان میلبورن ٹیسٹ میں اننگز کی شکست کے بعد مایوسی کے عالم میں دیا لیکن اب وہ وقت گزر چکا، وہ 2016 تھا اور اب 2017 ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک اسپورٹس مین کی حیثیت سے فائٹ بیک کرنا میرے لیے اہم ہے، ابھی ریٹائرمنٹ کے بارے میں بالکل نہیں سوچ رہا، تمام توجہ سڈنی ٹیسٹ کھیلنے پر مرکوز ہے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح الحق ٹیسٹ سیریز کے بعد پاکستان واپس پہنچ کر ریٹائرمنٹ سے متعلق کوئی فیصلہ کریں گے۔ 2001 میں اپنا کیریئر شروع کرنے والے مصباح نے کہا کہ سڈنی ٹیسٹ کیلئے حتمی سکواڈ کا اعلان پچ کی صورت حال دیکھنے کے بعد ہی کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ پاکستان کو 1995 کے سڈنی ٹیسٹ کے بعد سے کوئی کامیابی نہیں ملی، موجودہ سیریز میں بھی آسٹریلیا کو 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔