پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی کو تھپڑ مارنے والے نوجوان پر کیا گزری اور اب وہ کس حال میں ہے؟جانیے اس خبر میں
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع جنوری 01, 2017 | 05:23 صبح
ایبٹ آباد (ویب ڈیسک) چند روز قبل پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر اظہر خان جدون پر حملہ کرنے والے نوجوان زین کو عدالت نے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ اور تازہ ترین اطلاعات کے مطابق زین کو مانسہرہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے ۔
جمعرات کے روز جلال بابا آڈیٹوریم میں صحت انصاف کارڈ کی تقریب کے دوران سٹیج پر بیٹھے ایم این اے ڈاکٹر اظہر خان کو نوجوان زین نے اچانک سٹیج پر آکر تھپڑ مارے اور گالم گلوچ شروع کردی۔ جس کے ردعمل میں ڈاکٹر اظہر خان اور ان کے حمایتی تحصیل کونسل و دیگر پی ٹی آئی کارکنان نے نوجوان زین ولد چن زیب تنولی کی دھلائی کردی اور پولیس کے حوالے کرنے پر تھانہ کینٹ میں ملزم کے خلاف زیر دفعہ 355-411-506 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا اور رات گئے تک تفتیش جاری رہی۔
جمعہ کے روز ملزم کو پولیس کے سخت پہرے میں سپیشل ڈپٹی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ملزم کی جانب سے ماہر قانون دان نسیم زمان تنولی اور ڈاکٹر اظہر جدون کی طرف سے عاطف خان جدون نے پیروی کی۔ عدالت نے دونوں وکلاءکے دلائل سننے کے بعد ملزم زین السلام کو جیل منتقلی کا حکم صادر کردیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق دوران تفتیش ملزم نے حملہ کرنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ایم این اے مذکورہ نے پاک فوج کے جنرل ریٹائرڈ ایاز سلیم رانا کے ساتھ نماز جنازہ کے اکٹھ میں بدتمیزی کی تھی۔