جشن عید میلاد النبیؐ آج منایا جا رہا ہے

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 12, 2016 | 05:34 صبح

لاہور(ویب ڈیسک)آج ہجری سال کے تیسرے مہینے کی بارہ تاریخ ہے۔ ملک بھر میں بارہ ربیع الاول مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ آج ہی کے دن سردار الانبیاء حضرت محمد صلی اللہ علیہ آلہ وسلم کی ولادت ہوئی۔ وفاقی دارالحکومت میں دن کا آغاز 31 توپوں کی سلامی جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 ، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا ۔ مساجد میں ملک کی ترقی امن اور استحکام کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

اللہ تعالیٰ نے اپنا پیغام پہنچانے والی اس ہستی کو اپنے آخری کلام (قر

آن مجید ) میں رحمت اللعالمین کہا اور اس ذات پاک نے عمل سے یہ حقیقت ثابت کی۔ عربی زبان میں لفظ رحمت کا مفہوم نرمی، لطف اور مہربانی ہے۔ اس لفظ میں محبت، شفقت، فضل اور احسان سب ہی شامل ہیں۔ قرآن پاک میں ارشاد باری تعالیٰ ہے ” ہم نے آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو تمام جہانوں کے لئے رحمت بنا کر بھیجا ہے” یعنی کائنات کے ہر طبقے کی غم گسار، ہمدرد، خیرخواہ، ترس کھانے اور سب کا بھلا چاہنے والی ایک ہی ہستی ہے اور وہ ہے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم۔ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے رحمت اللعالمین ہونے کے مظاہر علمی بھی ہیں اور عملی بھی۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے نہ صرف رحمت کا درس دیا بلکہ خود عمل کر کے بھی دکھایا۔

ایک موقع پر صحابہ کرام نے مظالم سے تنگ آکر کفار مکہ کے لئے بددعا کی درخواست کی لیکن حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ” میں لعنت کرنے والا بنا کر نہیں بھیجا گیا، میں تو سراپا رحمت بنا کر مبعوث کیا گیا ہوں۔” یہی وجہ ہے کہ غیر مسلم بھی حضور پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی صلہ رحمی کے معترف ہیں۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اسوہ حسنہ تمام مسلمانوں کے لئے بہترین نمونہ ہے۔

آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے صحابہ کرام کو بھی ہمیشہ دوسروں پر رحم کرنے کی تلقین کی اور یہاں تک فرمایا ” جو لوگوں پر رحم نہیں کرتا، اللہ اس پر رحم نہیں کرتا۔” یہ بات مسلمہ حقیقت ہے کہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی شخصیت اور تعلیمات کا بنیادی نکتہ انسانیت کی بھلائی اور رہنمائی ہے۔

ملک بھر میں جشن عید میلاد النبی مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ چھوٹے بڑے شہروں میں میلاد کے جلوس اور ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔ کراچی میں جشن عیدمیلاد النبی کے موقع پر جہاں پورا شہر رنگ و نور میں ڈوبا ہوا ہے۔ عاشقان رسول ص کی جانب سے میلاد کی محفلیں منعقد کی جا رہی ہیں تو دوسری جانب تسکین قلب کے لیے آب زم زم کی سبیل لگا کر شمع رسالت کے پروانوں کے جوش وخروش کو مزید بڑھا دیا ہے۔

 

پشاور میں جشن عید میلاد النبی شایان شان طریقے سے منایا جا رہا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں سے میلاد کے جلوس اور ریلیاں نکالی جا رہی ہیں جائیں گی جبکہ عالمی متحدہ مشائخ کونسل کے زیر اہتمام پشاور پریس کلب میں سیرت کانفرس کا انعقاد کیا جائے گا۔ جشن عید میلاد النبی کے موقع پر شہر کے بازاروں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے جبکہ سرکاری اور نجی عمارتوں پر چراغاں کیا گیا ہے۔ پشاور میں عید میلاد النبی ص کا مرکزی جلوس میلاد چوک سے بعد از نماز عشاء برآمد ہو گا جو ہشت نگری، کریم پورہ، گھنٹہ گھر، چوک یادگار، بازار مسگراں سے ہوتا ہوا قصہ خوانی بازار میں اختتام پذیر ہو گا۔ عید میلاد النبی کے موقع پر پشاور میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔حیدرآباد میں سرکاری و نجی عمارتوں، گھروں اور گلیوں کو برقی قمقموں اور سبز جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے۔ محافل نعت، سیرت کانفرنس اور درود و سلام کی محفلیں بھی جاری ہیں۔

بلوچستان کے اضلاع نصیرآباد، جعفرآباد، سبی، بولان اور جھل مگسی سمیت مختلف علاقوں میں بھی عید میلادالنبی انتہائی عقیدت و احترام منایا جا رہا ہے ۔ مساجد ، عمارتوں ، گلیوں اور محلوں کو پرچموں اور برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے ۔

ملک بھر کی طرح پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت صوبے کے میں بارہ ربیع الاول کو مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے ، چھوٹے بڑے شہروں اور دیہاتوں کی مساجد ، گلیوں ، بازاروں ، سرکاری اور نجی عمارتوں کو برقی قمقموں اور جھنڈیوں سجایا گیا ہے ۔ جگہ جگہ سے درود و سلام کی صدائیں آ رہی ہیں ، مختلف مذہبی جماعتوں کی طرف سے کانفرنسز کا انعقاد کیا جا رہا ہے