موٹی مراعات،طاقورعہدہ،چیئرمین نے کشمیر کمیٹی کی توقیر کو ٹکے ٹوکری کردیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع فروری 09, 2017 | 07:04 صبح

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) فضل الرحمن نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کی حمایت کرتے ہیں، پنجاب میں اس پر عمل ہونا چاہئے مگر مذہب اور فرقہ کے امتیازی قانون کو ہم تسلیم نہیں کرتے، ایسی چیزوں سے یہ پلان غیرمؤثر ہوگیا ہے۔ بلوچستان میں سی پیک کا ہمارا تجویز کردہ روٹ ہی بنے گا کسی کو شک ہے تو بلوچستان آئے، میں میزبانی کروں گا۔ یوم یکجہتی کشمیر پر حافظ سعید کی گرفتاری اچھا اقدام نہیں۔ مظفر وانی کی شہادت سے جدوجہد کشمیر کو نئی طاقت ملی۔ کشمیر کمیٹی ایک علامتی ادارہ ہے، روز اول سے کمزور ہے، محدود اختیارات کے ساتھ صرف سفارشات مرتب کرتی ہے۔ اب ہماری کوشش سے کشمیر کمیٹی پالیسی سازی میںبھی اہم سٹیک ہولڈر ہوگی۔ ستر سال میں کئی سربراہ بنے مگر لوگوں کو میرے اور نواب زادہ نصراللہ کے سوا کوئی نام یاد نہیں۔ سندھ میں مدارس کے خلاف کارروائیاں اور پارلیمنٹ میں ناموس رسالتؐ قوانین پر باتیں ہو رہی ہیں۔ پیپلزپارٹی کے رکن کا اس معاملے میں متحرک ہونا افسوس ناک ہے۔ ایل او سی پر بھارتی کارروائیاں سی پیک میں روکاوٹ ڈالنے کی بے ہودہ کوشش ہے۔ پانامہ پر سپریم کورٹ سے باہر بیان بازی سیاسی نابالغی کی علامت ہے، یہ عدالت پر دبائو ڈالنے کے مترادف ہے، پہلے عدالتی کمیشن کا مطالبہ کیا جاتا رہا اب اس سے انحراف کیا جا رہا ہے۔ عدالتوں کو دباؤ کے بغیر کام کرنے دیا جائے۔ امریکہ میں ٹرمپ کی اسلام دشمنی واضح ہوگئی ہے، اسلامی دنیا کو سوچ سمجھ کر فیصلے کرنے چاہئیں، ہر جگہ کا اپنا اپنا ٹرمپ ہوتا ہے، پاکستانی ٹرمپ کی اسلام دشمنی تحفظ ناموس رسالتؐ اور مدارس دشمنی سے واضح ہو چکی ہے۔ فاٹا قبائل پاکستان کے دفاع کی علامت ہیں۔ ان پر فیصلے مسلط کرنے کی بجائے انہیں اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے دیا جائے۔ چھوٹے تاجروں کو ایف بی آر کے ذریعے دھمکانا افسوس ناک ہے۔ ان پر ناجائز ٹیکسوں کے خاتمے کیلئے وزیراعظم اور وزیر خزانہ سے بات کروں گا۔ تاجروں اور صنعتکاروں کو سہولتیں دی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حاجی گل محمد دمڑ مرحوم ایم پی اے بلوچستان کی وفات پر ان کے صاحبزادے مجیب الرحمن دمڑ واہل خانہ سے تعزیت کے بعد مسرور نواز جھنگوی، سید محمد زکریا شاہ، مفتی فضل الرحمن ناصر، محمد یوسف انصاری، ساجد فاروقی، میاں عرفان کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب بعدازاں انجمن تاجران سپریم کونسل کے وفدچیئرمین حاجی اسلم بھلی، حاجی محمد عابد،جاوید ظفر، حیدر عباس سے ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر سٹی جنرل سیکرٹری حافظ عرفان، مولانا محمد یعقوب عثمانی، مولانا شاہد معاویہ، ڈاکٹر محمد زبیر، محمد اشفاق انقلابی، چوہدری فضل الٰہی جٹ، قاری محمد خورشید، میاں عامر شہزادسمیت عہدیداروں و کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ہم آزادی کشمیر کیلئے پرعزم ہیں بھارت ایل او سی پر خلاف ورزی کر کے روایتی جنگ میں دھکیلنا چاہتا ہے۔