مونا لیزا مسکرا رہی ہے یا غمزدہ ہے؟ بالآخر ماہرین نے بڑا معمہ حل کر لیا
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع مارچ 13, 2017 | 06:32 صبح
پیرس(ویب ڈیسک) لیونارڈو ڈا ونچی کی مشہور زمانہ تخلیق میں 'مونا لیزا' مسکرا رہی ہیں، اداس ہیں، حیران ہیں یا غصے میں ہیں؟ یہ معمہ صدیوں سے دنیا کو پریشانی میں ڈالے ہوئے ہے۔لیکن بالآخر سائنسدانوں نے دنیائے مصوری کا شاہکار قرار دی جانے والی مونا لیزا کی پینٹنگ کے پیچھے راز تک پہنچے کا دعویٰ کردیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ایک غیر معمولی تجربے میں تقریباً 100 فیصد افراد نے مونا لیزا کے تاثرات کو "خوش" ہونے کے معنوں میں بیان کیا۔اس تحقیق کے مشترکہ مصنف جرمن یونیورسٹی آف فریبرگ کے نیوروسائنسدان جیورگن کورن میئر کا کہنا تھا کہ 'ہم نتائج جان کر حیران ہیں'۔جیورگن اور ان کی ٹیم نے انسانوں کی جانب سے تاثرات میں چھپے معنی جاننے کے لیے دنیا کی مشہور ترین پینٹنگ کا انتخاب کیا۔
خیال رہے کہ مونا لیزا کی پینٹنگ کو اکثر جذباتی معمہ کی مثال قرار دیا جاتا ہے، اس پورٹریٹ کو دیکھیں تو اول ایسا لگتا ہے جیسے شبیہہ مسکرا رہی ہے، جس کے بعد اس میں غصے کے آثار جھلکنے لگتے ہیں جبکہ مزید کچھ دیر غور کرنے پر مونا لیزا کے غم میں ڈوبے ہونے کا گمان گزرتا ہے۔
16 ویں صدی میں بنائے گئے اس پورٹریٹ کی بلیک اینڈ وائٹ تصاویر کی محققین نے 8 کاپیاں تیار کیں جن میں سے کسی میں اس کے منہ کے کناروں کو تبدیل کرکے مسکراتا ہوا تو کسی میں غمگین دکھانے کی کوشش کی گئی، جبکہ نویں کاپی کو اصل ہی رہنے دیا گیا۔مونا لیزا کی یہ 9 تصاویر اس تحقتق میں شامل 12 افراد کو 30 بار دکھائی گئیں۔تحقیق میں شامل افراد کو ہر بار ان نو تصویروں سے متعلق اپنی رائے دینا ہوتی تھی کہ آیا یہ خوش ہیں یا دکھی۔نیوروسائنسدان جیورگن کے مطابق ان کا خیال تھا کہ مونا لیزا کی اصل (غیر تبدیل شدہ) تصویر لوگوں کو کنفیوژ کرنے کا سبب بنے گی لیکن ایسا ہر گز نہ ہوا اور 97 فیصد لوگوں نے اسے مسکراہٹ سے تعبیر کیا۔