افغان مونا لیزا پشاور سے گرفتار

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اکتوبر 26, 2016 | 07:11 صبح



پشاور(مانیٹرنگ)ایف آئی اے نے جعلی شناختی کارڈ بنانے پر نیلی آنکھوں سے شہرت حاصل کرنیوالی افغان خاتون شربت گل کو گرفتار کرلیا۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق شربت گل کو جعلسازی کے الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا۔ اس سے قبل رواں ماہ 21 اکتوبر کو ایف آئی اے نے شربت گل کو غیرقانونی طور پر پاکستانی شناختی کارڈ جاری کرنے کے الزام میں نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے 3 ڈپٹی ڈائریکٹرز کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ مقدمے میں جعل سازی اور دھوکہ دہی کے ذریعے افغان خاتون شربت گل کو پا

کستانی شناختی کارڈ جاری کرنے کے الزامات کے تحت پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 409، 419، 420، 468،471 اور 109 شامل کی گئی تھیں۔ گذشتہ برس فروری میں اس بات کا انکشاف ہوا تھا کہ نادرا نے افغان خاتون شربت گل عرف شربت بی بی سمیت تین افغان مہاجرین کو پاکستانی شناختی کارڈ جاری کردیئے۔
 نادرا کے حیات آباد آفس کے ذرائع نے ڈان نیوز کو بتایا تھا کہ اعلیٰ افسران نے قواعد و قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے افغان شہری رحمت گل کی 46 سالہ بیوی شربت گل یا شربت بی بی کے ساتھ ساتھ ان کے 2 بیٹوں روﺅف خان اور ولی خان کے لیے گزشتہ سال ایک ہی دن شناختی کارڈ جاری کیے تھے۔ یہ معاملہ سامنے آنے کے بعد افغان شہریوں کو شناختی کارڈ جاری کرنے کے حوالے سے انکوائری کا حکم دیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ افغان مہاجرین پاکستان میں پروف آف رجسٹریشن (پی او آر) حاصل کرسکتے ہیں تاہم انھیں شناختی کارڈ جاری کرنا غیر قانونی ہے۔ شربت بی بی 1984 میں افغان جنگ کے دوران اپنے اہل خانہ کے ہمراہ پاکستان منتقل ہوئی تھیں اور انھوں نے ناصر باغ مہاجر کیمپ میں رہائش اختیار کی تھی۔