سوٹ کیس اور کار کی سیٹوں میں چھپے تارکین وطن  سمگل

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 03, 2017 | 17:31 شام

مراکش(مانیٹرنگ ڈیسک):پولیس نے دو مراکشی شہریوں کو تارکین وطن کو سمگل کرکے سپین کے شمالی افریقی انکلیو سیوٹا پہنچانے کے لیے حراست میں لیا ہے۔پولیس کے مطابق دو تارکین وطن کار میں چھپے ہوئے تھے جبکہ ایک سوٹ کیس میں تھا۔پولیس نے پیر کو جانچ کے لیے جب ایک کار کو روکا تو انھیں ایک شخص ڈیش بورڈ کے نیچے چھپا ملا جبکہ دوسرا پیچھے کی ہٹائی گئی سیٹ کی جگہ ملا۔ان میں ایک مرد اور ایک خاتون تھیں۔ اور ان کا تعلق گینی سے بتایا جا رہا ہے۔ انھیں طبی امداد فراہم کی گئی کیونکہ انھیں کار میں سانس لینے میں مشکل ہ

ورہی تھی۔اس کے علاوہ ایک نوجوان افریقی باشندہ ایک خاتون کے سوٹ کیس میں چھپا ہوا تھا۔

یہ واقعہ 30 دسمبر کا تھا اور اسے بھی فوری طبی امداد کی ضرورت تھی۔ اس کا تعلق گیبون سے بتایا جا رہا ہے۔ایک 22 سالہ خاتون اسے چھپاکر سیوٹا لانا چاہ رہی تھیں لیکن کسٹم آفیسر نے انھیں سوٹ کیس کھولنے کے لیے کہا جو کہ ایک ٹرالی سے بندھا ہوا تھا۔یہ واقعات مراکش سے ایک ساتھ ایک ہزار سے زیادہ افراد کے سیوٹا کی چھ میٹر اونچی دیوار کو عبور کرنے کے ساتھ پیش آئے۔اتوار کی شب 1100 پناہ گزینوں نے سیوٹا انکلیو میں داخل ہونے کے لیے دھاوا بول دیا تھا جس میں مراکش کے 50 اور سپین کے پانچ سرحدی محافظ زخمی ہو گئے تھے۔حکام نے بتایا کہ ان میں سے صرف دو پناہ گزین سرحد پار کرنے میں کامیاب رہے لیکن 20 فٹ اونچی دیوار عبور کرنے میں وہ زخمی ہو گئے اور انھیں طبی امداد کے لیے ہسپتال روانہ کر دیا گيا ہے جبکہ سرحد میں داخل ہونے کی کوششوں سے روکنے کے دوران ایک سرحدی محافظ کی آنکھ کی بینائی متاثر ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل دسمبر میں 400 سے زیادہ پناہ گزین سیوٹا کی دیوار عبور کرنے میں کامیاب رہے تھے اور اُن کی اس کامیابی سے ہزاروں نئے پناہ گزینوں کو تحریک ملی تھی۔جنوبی افریقہ کے وسیع ریگستانی علاقے والے ممالک کے ہزاروں پناہ گزین مراکش میں غیر قانونی طور پر رہ رہے ہیں اور وہ یورپ میں داخل ہونے کی امید میں ہر سال مراکش کی سرحد پر موجود سپین کے شمالی افریقی انکلیوز میں داخل ہونا چاہتے ہیں۔