ایک کا مکا ایک کا تھپڑ

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع مارچ 09, 2017 | 13:34 شام

 

اسلام آباد (مانیٹرنگ)مسلم لیگ نواز کے رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف اور پی ٹی آئی ایم این اے مراد سعید کے درمیان تلخ کلامی اور ہاتھا پائی ہوئی ہے تاہم سینئر ارکان نے مداخلت کر کے بیچ بچاﺅ کرا دیا ۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کی لابی میں لیگی رکن پارلیمنٹ جاوید لطیف اور مراد سعید کے درمیان بین الاقوامی کھلاڑیوں کو ”پھٹیچر “کہنے کے عمران خان کے بیان پر تلخ کلامی ہوئی جو ہاتھاپائی میں بدل گئی جس کے بعد مبینہ طور پر جاوید لطیف نے مراد سعید کو تھپڑ جڑ دیا اور جواب میں مراد سعید نے بھی جاوید لطیف کو مکا دے مارا تاہم موقع پر موجود دیگر ارکان نے معاملہ رفع دفع کر ادیا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی میں جاوید لطیف کو مائک دیا گیا تو انہوں نے عمران خان کے بیان پر تنقید کر تے ہوئے کہا کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کو پھٹیچر کہنا بدتہذیبی ہے جس پر مراد سعید اپنی نشست پر کھڑے ہو کر احتجاج کرنا شروع ہو گئے ۔مراد سعید کے اس رویے پر لیگی ایم این اے جاوید لطیف نے کہا کہ عمران خان کو تہذیب نہیں ہے تو تحریک انصاف کے ارکان میں تہذیب کیسے ہو سکتی ہے ، معاملہ قومی اسمبلی سے باہر لابی تک بھی آگیا جہاں مبینہ طور پر جاوید لطیف نے مراد سعید کو تھپڑ جڑ دیا جس کے بعد مراد سعید بھی طیش میں آگئے اور مکا مارنے کے بعد گالیاں دیتے رہے اور پھر دیگر ارکان نے بیچ بچاﺅ کرایا ۔مسلم لیگ نواز کے رہنما جاوید لطیف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مراد سعید پارلیمنٹ کی لابی میں کھڑے تھے اور ان کے ساتھ نان ممبرز بھی موجود تھے جنہوں نے مجھ پر حملہ کیا اور کہا کہ آپ نے عمران خان کے خلا ف ایسی بات کیوں کی ؟

ان کا کہنا تھا کہ مراد سعید میرے بچوں کی طرح ہیں ان کو تھپڑمارنے کا سوچ بھی نہیں سکتا ، میں نے مراد سعید کا ہاتھ پکڑا اور گال تھپتھپاکر کہا کہ آپ چھوٹے ہیں اور بڑوں کے ساتھ ایسا سلوک نہیں کر تے ، میں نے انہیں تھپڑ یا مکا نہیں مارا۔