عوامی مسائل کا حل بلدیاتی اداروں کے پاس ہونا چاہیے۔،مصطفیٰ کمال

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 04, 2016 | 17:50 شام

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک): پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ سید مصطفےٰ کمال کا کہنا ہے کہ عوامی کے بنیادی مسائل کا حل کرنے کا اختیار وزیراعظم یا وزیراعلیٰ کے پاس نہیں بلکہ بلدیاتی اداروں کے پاس ہونا چاہیے۔لاہور میں داتا دربار پر حاضری کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئےسید مصطفے ٰ کمال کا کہنا تھا کہ ہمارے پیغام سے متاثر ہوکر اتنی بڑی تعدا د میں لوگ آرہے ہیں کہ جیسے دریا کوزے میں آگیا ہو۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے یہاں آنے سےقبل ہی پنجاب کے تمام اضلاع میں لوگوں نےدفاتر بنا کر کام شروع کردیا تھا &lsquo

; اس کے بعد ہم سے رابطے ہوئے۔سابق سٹی ناظم کراچی کا یہ بھی کہنا تھا کہ رنگ نسل کی بنیاد پر اختلافات کو دشمنی میں نہیں بدلنا چاہیے۔مصطفےٰ کمال کے مطابق پاکستان میں تعلیم اور صحت میں ایمرجنسی لگانے کی ضرورت ہے‘ملک میں ایک کروڑ بچے گندے پانی اور غذائی قلت کے سبب امراض کا شکار ہیں۔ انہوں نے حکمرانوں سے سوال کیا کہ ان بچوں کا کون علاج کرے گا اور وہ آگے جاکر معاشرے میں کیاکردار ادا کرسکیں گے۔پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستان غذائی ضروریا ت میں خود کفیل ملک ہے لیکن عدم مساوات اور بد انتظامی کے سبب لاکھوں بچے ہر سال موت کی آغوش میں چلے جاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ڈھائی کروڑ بچے اسکول نہیں جارہے اور کوئی وزیراعظم یا وزیر اعلیٰ انہیں اسکول نہیں بھیج سکتا ‘ اس مقصد کے لیے اختیارات کی گلی محلوں کی سطح پر ترسیل یقینی بنانا ہوگی۔مصطفےٰ کمال نے مطالبہ کیا کہ ملک کے چاروں صوبوں میں اختیارات بلدیاتی نمائندوں کو منتقل کیے جائیں اور اس مقصد کے حصول کے لیے ہم جمہوری طریقوں سےجدوجہد جاری رکھیں گے۔