ن لیگ کے رہنمائوں کی جوابی پریس کانفرنس
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع نومبر 02, 2016 | 19:21 شام
اسلام آباد (مانیٹرنگ) ایک جانب، پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے یوم تشکر منایا جا رہا ہے تو دوسری جانب، لیگی رہنماؤں کی جانب سے کپتان اور پی ٹی آئی پر طنزیہ حملوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے اپنے ٹویٹر پیغام میں پی ٹی آئی اور عمران خان پر بھرپور طنز کرتے ہوئے کہا کہ دس لاکھ لوگ 5 ہزار کرسیوں پر سماء گئے، یہ صرف عمران خان کے جلسے میں ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام نے ہمیں مینڈیٹ پاور شو کیلئے نہیں بلکہ کام کرنے کیلئے دیا ہے، خان صاحب ویلے بندے ہیں ان کو دنیا میں اور کوئی کام نہیں۔
بعد ازاں شہر اقتدار میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے جلسے کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان کا شو ناکام ہو گیا، انہوں نے صرف جلسہ ہی کرنا تھا تو پورے ملک میں تماشا لگانے کی کیا ضرورت تھی؟ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا جلسہ سپریم کورٹ پر اثرانداز ہونے کی کوشش تھی۔
وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ قوم نے عمران کی فسادی سیاست مسترد کر دی، اب بھی سدھرنے کا وقت ہے، خیبر پختونخوا کے عوام عمران خان کا انتظار کر رہے ہیں۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا کہ یوم تشکر کے نام پر فیس سیونگ کی گئی، عمران خان عدالتوں پر پریشر ڈالنا چاہتے ہیں۔