خادم اعلیٰ کا کارِ عظیم اور کارنامہ کمال مٹی مٹی ہوگیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 24, 2016 | 18:47 شام

گوجرانوالہ(مانیٹرنگ) نندی پور پاور پلانٹ سے بجلی کی پیداوار کئی ماہ سے بند ہے، نیپرا نے وزارت بجلی سے جواب طلب کرلیا، ناردرن پاور کو بھاری جرمانہ عائد کیے جانے کا بھی امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق نندی پور پاورپلانٹ سے بجلی کی پیداوار چھ ماہ سے بند ہونے کا انکشاف ہوا ہے، نیپرا نے معاملے کا نوٹس لے کر وزارت پانی وبجلی سےجواب طلب کرلیا۔

نیپرا حکام کا کہنا ہے کہ نندی پورپاورپلانٹ بند ہونے سے اب تک اربوں روپے کا نقصان ہوچکا ہے۔ حکام کے مطابق پلانٹ اب کمرشل آپریشن میں ہے اس صورت حال میں پاور پلانٹ سے کئی ماہ گزرنے کے باوجود بجلی کی پیداوار نہ ہونا معاہدے کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

حکام نے متنبہ کیا کہ پلانٹ بند ہونے سے ناردرن پاور کمپنی پر بھی بھاری جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے جبکہ دیگر ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا بھی امکان ہے۔

واضح رہے کہ نندی پور پاور پلانٹ کا افتتاح سال 2014ء  کو وزیراعظم نواز شریف نے کیا تاہم یہ منصوبہ اول روز سے ہی متنازع رہا، مذکورہ منصوبہ 2011 کو مکمل ہونا تھا لیکن ناگزیر وجوہات کی بنا پر کام رکا رہا۔

یاد رہے کہ نندی پور پاور پلانٹ پر خرچ ہونے والی کثیرلاگت اورانتہائی مختصرعرصے تک فعال رہنے کے باعث اعتراضات اٹھائے جارہے ہیں۔نندی پور پاور پراجیکٹ 425 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ تھا جس کی ابتدائی لاگت 23 ارب روپے تھی جو کہ بڑھ کر 57.38ارب روپے تک پہنچ گئی تھی اور بعض ذرائع کے مطابق منصوبہ کل 84 ارب کی لاگت سے مکمل کیا گیا۔