ناسا نے خلائی مخلوق کی تصاویر جاری کردیں

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اکتوبر 03, 2016 | 18:34 شام

سان فرانسسکو : امریکی خلائی تحقیق کے ادارے ناسا نے خلائی مخلوق سے متعلق ایسی تصاویر جاری کی ہیں کہ پوری دنیا میں تہلکہ مچ گیا ہے۔ تصاویر میں خلائی مخلوق کے وجود کو ظاہر کیا گیا ہے جنہیں دیکھ کر ہر کوئی حیران رہ جاتا ہے۔ اخبار دی مرر کی رپورٹ کے مطابق ناسا کی جانب سے بین الاقوامی خلائی سٹیشن سے لائیو ویڈیو نشر کی جاتی ہے اور حال ہی میں نشر کی گئی ایک ویڈیو کے دوران خلائی سٹیشن کے قریب نیلے رنگ کی روشنی کا ایک ایسا مرغولا دیکھا گیا کہ جس کے بارے میں سائنسدان تاحال کوئی وضاحت پیش نہیں کرسکے۔ دوسری جانب خلائی مخلوق کی تلاش میں سرگرداں ماہرین کا کہنا ہے کہ بیضوی شکل کا یہ نیلا مرغولہ سورج سے نکلنے والے شمسی شعلوں کی وجہ سے نہیں تھا بلکہ یہ خلائی مخلوق کی اڑن طشتری تھی جو بین الاقوامی خلائی سٹیشن کے قریب چکر لگا رہی تھی۔ یوٹیوب پر خلائی مخلوق کی موجودگی سے متعلق باقاعدگی سے معلومات اور ویڈیوز پوسٹ کرنے والے انٹرنیٹ صارف Streetcap1 نے اس عجیب و غریب چیز کا انکشاف دنیا کے سامنے کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ناسا کی لائیو فیڈ کے دوران انہیں یہ چیز نظر آئی تو انہوں نے فوری طور پر اس کی تصاویر بنالیں۔ وہ کہتے ہیں کہ جب ان تصاویر کو بڑا کیا تو زمین کے ماحول سے باہر خلائی سٹیشن کے قریب اس نیلے مرغولے کی موجودگی کی تصدیق ہوگئی، جو خلائی مخلوق کی اڑن طشتری کے سوا کوئی چیز نہیں ہوسکتی۔ خلائی مخلوق کی سراغ رسانی کرنے والے دیگر کئی ماہرین نے بھی انہی خیالات کا اظہار کیا ہے کہ یہ چیز اڑن طشتری کے علاوہ کچھ نہیں ہوسکتی۔ خلا کی گہری تاریکی میں موجود نیلی روشنی کے مرغولے نے دنیا بھر کے انٹرنیٹ صارفین کو تجسس میں مبتلا کردیاہے اور ہر کوئی اس کے بارے میں مزید معلومات کا خواہاں ہے، تاہم ناسا کی جانب سے تاحال اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔