وزیراعظم جھوٹے ہیں،حکومتی وکیل نےاعتراف کرلیا?

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 08, 2016 | 15:59 شام

اسلام آباد(مانیٹرنگ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے کمیشن کا قیام نہیں چاہتے بلکہ ان کی خواہش ہے سپریم کورٹ کا لارجر بینچ ہی اس کا فیصلہ کرے۔وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومتی وکیل نے سپریم کورٹ میں اس بات کا اعتراف کیا کہ نواز شریف کا پارلیمنٹ سے خطاب سیاسی تھا اور تقریر کے سیاسی ہونے کا مطلب یہ ہے کہ وزیراعظم جھوٹ بول رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومتی وکیل کے اس اعتراف کے بعد کہ کوئی ثبوت یا منی ٹریل موجود نہیں، ہم کل ہی یہ کیس جیت چکے۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے وکیل نعیم بخاری کی جانب سے پاناما لیکس پر کمیشن کے قیام پر مشاورت کے لیے عدالت سے وقت مانگا گیا تھا، جس کے بعد عدالت نے مشاورت کے لیے وقت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کردی تھی۔چیف جسٹس نے پاناما لیکس کو تحقیقاتی اداروں کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ کمیشن تحریک انصاف کے الزامات پر بنایا جائے گا اور دونوں فریقین کو پورا موقع دیا جائے گا، کمیشن کو تمام اداروں کی معاونت کا اختیار بھی حاصل ہو گا اور اس کی رپورٹ ہمارے سامنے بینچ میں پیش کی جائے گی۔