عدالت نے وزیراعظم نواز شریف کو خوشخبری سنا دی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 09, 2017 | 21:02 شام

 

لاہور(مانیٹرنگ رپورٹ ) چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ کی سربراہی میں قائم ڈویڑن بینچ نے وزیراعظم میاں نوازشریف اور وزیراعلی پنجاب میاں محمد شہبازشریف کی نااہلی کے لیے دائر اپیل ناقابل سماعت قراردیتے ہوئے مسترد کردی۔فاضل عدالت نے قرار دیا کہ متعلقہ فورم سے رجوع کئے بغیر کسی بھی رکن اسمبلی کو کیسے نااہل قرار دیا جا سکتا ہے۔ درخواست گزار فیصل نصیر کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ وزیراعظم نوازشریف نے اپنی آمدنی سے زائد ناجائزاثاثے بیرون ملک بنارکھے ہیں اور

کاغذات نامزدگی میں بھی حقائق چھپائے ہیں۔جبکہ وزیراعلی پنجاب شہباز شریف میٹروبس اور اورنج لائن منصوبے میں کرپشن کررہے ہیں۔ جس کے واضح ثبوت موجود ہیں۔ اس حوالے سے سے سنگل بینچ کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے نوازشریف اورشہباز شریف کو آئین کے آرٹیکل62،63پرپورا نہ اترنے پر نااہل قراردیاجائے۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایاکہ درخواست گزار کے پاس کوئی ثبوت موجود نہیں۔تمام تر الزامات بے بنیاد ہیں جبکہ انہی بنیادوں پر ہائیکورٹ کا سنگل بینچ درخواست کو مسترد کر چکا ہے لہذا اپیل بھی خارج کی جائے۔ چیف جسٹس نے درخواست گزار استفسار کیاکہ آپ نے الیکشن کمیشن یا اسپیکر سے رجوع کیا ؟ تو درخواست گزار کے وکیل نے بتایاکہ اسپیکر بات نہیں سنتے۔جس پر چیف جسٹس نے قراردیاکہ متعلقہ فورم سے رجوع کیے بغیر کسی بھی رکن اسمبلی کوکیسے نااہل قراردیاجاسکتا ہے۔عدالت نے اپیل ناقابل سماعت قراردیتے ہوئے مسترد کردی۔