لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا بجلی سستی کرنے کا نہیں،نواز شریف۔

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اکتوبر 18, 2016 | 10:36 صبح

 


اسلام آباد(مانیٹرنگ) وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے مسلم لیگ ن کے مرکزی کونسل کے چھٹے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ اپنی ایمانداری کی بدولت بجلی کے کارخانوں میں 100ارب روپے کی بچت کی ، ہم نے قوم سے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا بجلی سستی کرنے کا نہیں، یہ قوم کے لیے بونس ہے۔ انشاءاللہ 2018 میں خیبرپختونخواہ میں ہماری حکومت ہوگی۔وزیراعظم نوازشریف نے منتخب ہونے والے پارٹی عہدے داروں کو مبارکباد پیش کی۔
نوازشریف نے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی محبت

سے بار بار پارٹی کا صدر منتخب ہوا،میرے نزدیک پارٹی کارکنوں کا بہت اہم مقام ہے۔وزیر اعظم کاکہناتھاکہ آپ نے صوبے میں کام کیا ہوتا تو لوگ آپ کے معترف ہوتے،خیبرپختونخواہ کے لوگ دیکھتے ہیں نئے پاکستان کے نام پر ووٹ لینے والا کنٹینر پر کھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2013 کے پاکستان اور آج کے پاکستان میں زمین اور آسمان کا فرق ہے، تین سالوں میں زر مبادلہ کے ذخائر ریکارڈ 24 ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔ لوڈ شیڈنگ ختم ہوگی اور مہنگائی میں کمی آئے گی۔ان کا کہنا تھا کہ 2013 میں ایسا لگتا تھا کہ پاکستان دیوالیہ ہونے والا ہے،ملک دہشت گردی کا شکار تھا،20 گھنٹے لوڈ شیڈنگ تھی۔وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نہیں بلکہ دنیا کہہ رہی ہے کہ پاکستان سب سے زیادہ ترقی کرنے والے ملک میں شامل ہے۔ چین کاشکریہ اداکرتاہوں جنہوں نے بجلی کے کارخانوں کی سرمایہ کاری کاوعدہ کیا،بجلی کاکارخانہ لگانے کے لیے رقم نہیں تھی،ایک کارخانے پر ایک ارب ڈالر لگتے ہیں،2018 کے بعد 30ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوگی۔ اپنی ایمانداری کی بدولت بجلی کے کارخانوں میں 100ارب روپے کی بچت کی ، ہم نے قوم سے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا بجلی سستی کرنے کا نہیں، یہ قوم کے لیے بونس ہے۔