بچوں نے ابا جی سے الگ وکیل کرلیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 14, 2016 | 13:58 شام

(مانیٹرنگ) اسلام آباد

وزیر اعظم نواز شریف کے بچوں نے سپریم کورٹ میں پاناما لیکس سے متعلق معاملے میں اپنا وکیل تبدیل کرنے کے لیے باقاعدہ درخواست دے دی ہے۔ 

پاناما لیکس کے معاملے پر وزیراعظم نواز شریف اور ان کے تینوں بچوں حسین نواز، حسن نواز اور مریم نواز کی جانب سے مشترکہ طور پر سلمان اکرم بٹ سپریم کورٹ میں وکیل کی حیثیت سے پیش ہوئے تھے تاہم اب نوازشریف کے بچوں نے کیس کے لئے سینئرقانون دان بیرسٹر اکرم شیخ کی خدمات حاصل کرلی ہیں اور اس کے لئے باقاعدہ درخواست ایڈووکیٹ آن ریکارڈ رفاقت حسین کے ذریعے  جمع کرادی ہے۔

دوسری جانب سابق اٹارنی جنرل آف پاکستان سلمان اکرم بٹ بدستور وزیراعظم نواز شریف کی وکالت کریں گے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف، پاکستان عوامی تحریک، جماعت اسلامی اور عوامی مسلم لیگ کی جانب سے پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے متفرق درخواستیں دائر کی گئی ہیں جن کی سماعت منگل کو ہوگی۔