نواز شریف کی جدہ میں بھی جائیدادکا انکشاف،اثاثوں میں ذکر نہیں

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اکتوبر 07, 2016 | 13:57 شام

لاہور (ویب ڈیسک)وزیراعظم نواز شریف کی جدہ میں اربوں روپے کی جائیداد کا انکشاف ہوا ہے جس کاتذکرہ پانامہ لیکس میں ہے اور نہ ہی اسے اثاثوں میں ظاہر کیا گیا ہے۔یہ انکشاف نوائے وقت کے ڈپٹی ایڈیٹر سعید آسی نے حج سے واپسی پر اپنے قسط وار کالم بیٹھک میں 29ستمبر کوکیا ہے۔وہ کہتے ہیں: جدہ میں نوائے وقت کے بیوروچیف امیر محمد خاں اور جدہ ہی میں عرصہ دراز سے مقیم ہمارے ایک عزیز حکیم محمد ایوب نے جدہ کی روزانہ کی بنیاد پر سیر کرانے اور اس کے اہم مقامات سے آگاہی حاصل کرنے کا بھی خوب موقع فراہم کر دیا۔ ہم نے ج
دہ کے سرور پیلس کی جھلک بھی دیکھ لی جہاں ہمارے وزیراعظم میاں نواز شریف نے اپنے پورے خاندان کے ساتھ جلاوطنی کے شاہانہ دن گزارے ہوئے ہیں۔ حکیم ایوب نے جدہ میں میاں نواز شریف کی ایک ایسی جائیداد سے بھی آگاہ کیا جو ابھی تک کسی کی نظروں میں نہیں آئی اور پانامہ لیکس کے دائرے سے بھی باہر ہے۔ یہ جائیداد جدہ کے وسط میں اڑھائی تین ایکڑ کے قطع اراضی پر تعمیر کرائے گئے رہائشی فلیٹس پر مشتمل ہے جو کرائے پر دئیے جاتے ہیں۔ حکیم ایوب کے بقول سعودی فرمانروا نے یہ قطع اراضی میاں نواز شریف کو جلاوطنی کے دوران گفٹ کیا تھا۔ حکیم ایوب چونکہ جدہ کے اسی علاقہ میں سالہا سال سے مقیم ہیں جہاں یہ فلیٹس موجود ہیں اس لئے ”دروغ برگردن راوی“ ان کی معلومات مصدقہ ہی ہوں گی۔